یہ حکومت جھوٹی، بے حس اور نالائق ہے، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے  کہا ہے کہ یہ حکومت جھوٹی، بے حس اور نالائق ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے  کلفٹن کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں بہت ہی زیادہ تکلیف اور تشویش اس بات پر ہے کہ  پاکستان جہاں ویسے ہی بے روزگاری ہے مزید اس نااہل حکومت کے مسلط ہونے کے بعد بے روزگاری میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کو سہارا بنا کر جس طریقے سے گیارہ مختلف وفاقی محکموں سے لوگوں کو صرف ایک نوٹس پر گھر بھیجا جا رہا ہے اس پر ہمیں افسوس ہے۔

شازیہ مری نے یہ بھی  کہا کہ ان بے روزگار ہونے والے وفاقی ملازمین کے متعلق کیس 2012 میں کیاگیااور 2019 تک کے اس کیس کو سنا گیا، اب 2021 میں اسکا تفصیلی فیصلہ سپریم کورٹ نے سنایا ہے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کو 1996 میں سیاسی طور پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور  نوکریوں سے فارغ کیا گیا تھا  بعد میں انہیں 2010 میں قانونسازی کرکے بحال کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ شاید یہ نالائق حکومت انتظار کر رہی تھی کہ یہ فیصلہ آئے تو پھر وہ دھڑا دھڑ لوگوں کو نوکریوں سے فارغ کرکے انہیں گھر بھیج دیں، موجودہ نیازی حکومت جھوٹی، بے حس اور نالائق حکومت ہے  جنہوں نے لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹا وعدہ کیا تھا اور اب لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے ۔

شازیہ مری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کر کے وفاقی محکموں سے فارغ کیے جانے والے لوگوں پر رحم کرے اور انہیں بحال کیا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ہی صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 8 وفاقی ملازمین کو  10 جون کو ایک نوٹس کے ذریعے برطرف کردیا، نااہل حکومت پہلے ہی لوگوں کو اسٹیل ملز، ریڈیو پاکستان دیگر محکموں سے فارغ کرتی آئی ہے اور اب سپریم کورٹ کے آرڈر سے انکو تقویت ملی ہے۔

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے اس حکومت کو صرف جواز دیا ہے کہ یہ مزید اس طرح سے لوگوں کو نوکریوں سے نکالے، ہمیں سپریم کورٹ سے یہ امید نہیں تھی کہ وہ ایسا کرے گی، ہم سپریم کورٹ سے گزارش کرتے ہیں کہ خدارا آپ تو یہ نہ کریں جو یہ نالائق حکومت کر رہی ہے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو لوگوں کو نوکریوں سے برطرف کرنے کے عمل پر شدید دکھ اور تکلیف ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس بات پر اپنی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شازیہ مری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں عدالتی فیصلے پر خوشی نہیں، دُکھ اور تشویش ہے۔ چند لوگ ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں، سوئی سدرن گیس سے 2600 ملازمین کو فارغ کردیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری  کا مزید کہنا تھاکہ اس حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے عوام کو بے روزگار کر رہی ہے جس نے آج تک لوگوں کو نوکریاں نہیں دی مگر لوگوں کے گھروں کےچولہے  کبھی ملک میں مہنگائی کرکے تو کبھی پٹرول اور بجلی کے نرخ بڑھا کر بجھائے ہیں۔

The post یہ حکومت جھوٹی، بے حس اور نالائق ہے، شازیہ مری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email