پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائی ہے ، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنر ہاؤس میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام پنجاب ایجوکیشن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن وسنت میں حصول تعلیم کی بار بار تلقین کی گئی ہے اور علم کو مومن کی گمشدہ میراث قرار دیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم پاکستان تحریک انصاف کے منشورکاحصہ بھی ہے اورترجیحات میں بھی سرفہرست ہے ، ڈویلپمنٹ بجٹ میں 66فیصداضافہ کیاگیا لیکن ہائرایجوکیشن کے بجٹ میں 286 فیصداور اسکول ایجوکیشن کے بجٹ میں 29فیصد اضافہ کیا گیا ، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ہر بچے کی معیاری تعلیم تک رسائی یقینی بنانے کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کا سب سے بڑا ڈیپارٹمنٹ ہے ، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وزیر تعلیم مراد راس کی سربراہی میں تاریخ سازاقدامات کیے ہیں ، پہلی مرتبہ مربوط اور جامع پنجاب اسکول ایجوکیشن پالیسی 2020 متعارف کروائی گئی ہے ، پنجاب میں ای ٹرانسفر پالیسی کا اعزاز سب سے پہلے محکمہ تعلیم کو حاصل ہوا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اساتذہ موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کروا سکتے ہیں ، بلاسفارش اور میرٹ کی بنیاد پر86 ہزار سے زائد اساتذہ ای ٹرانسفر پالیسی سے مستفید ہوچکے ہیں ، اساتذہ کو ای ریٹائرمنٹ، ای پروموشن، ای پنشن، ای لیو کی سہولتیں بھی میسر ہیں ، اب اساتذہ کوٹرانسفر کیلئے کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کرنے کے لیے31 ہزار سے زائد ایس ٹی آئی مختلف مراحل میں بھرتی کیے جارہے ہیں ، مختلف کیٹگریز میں 33ہزار سے زائد مرد و خواتین ایجوکیٹر زکی بھرتی کا عمل جلد شروع ہوگا ، 10 پسماندہ اضلاع کے اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے بھرتی کے لیے قواعد میں نرمی کی گئی ہے اورہارڈ شپ کے تحت مقامی نوجوانوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے5سال میں 1330 اسکول اپ گریڈ کیے ، تحریک انصاف کی حکومت نے 3 برس میں 1533اسکول اپ گریڈ کیے ہیں ، رواں مالی سال میں مزید 7ہزار اسکول اپ گریڈ کیے جائیں گے ، مجموعی طورپر 27ہزار اسکول اپ گریڈ کیے جائیں گے ان میں جنوبی پنجاب کے 40فیصد اسکول شامل ہیں اورگرلز اسکولوں کا تناسب 53فیصدہے۔

The post پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائی ہے ، عثمان بزدار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email