لاہور کی ہر گلی محلے میں سیوریج کا پانی جمع ہے، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ لاہور کی ہر گلی محلے میں سیوریج کا پانی جمع ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کو کچرا کنڈی اور تعفن زدہ شہر بنانے پر عثمان بزدار آج فخریہ کلمات ادا کررہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 3 سالوں میں بزدار حکومت نے لاہور میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ مکمل نہیں کیا ہے، پنجاب حکومت کی کل ترقیاتی کاموں کے حوالے سے لسٹ جاری ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق جن اضلاع میں کم ترین ترقیاتی کام ہوئے ان میں لاہور 31ویں نمبر پر ہے، 23ارب 19کروڑ کی 7ہزار 439 اسکیمیں التواء کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کے حصے کا بجٹ میانوالی اور تونسہ میں لگایا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف حکومت نے اپنے ہر بجٹ میں جو رقم جس پروجیکٹ کے لیے مختص کی اس پر خرچ بھی کی تھی ، لیکن سال کے آخر میں شہبازشریف کے کسی پروجیکٹ پر دوبارہ تختی لگا کر داد وصول کرنا عثمان بزدار کا وطیرہ بن چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بزدار صاحب 3 سال میں آپ نے پنجاب میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں، جنوبی پنجاب کا 35فیصد مختص کردہ بجٹ آپ جنوبی پنجاب کو دے نہیں سکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے پہلے جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر فراڈ کیا اب جنوبی پنجاب کا بجٹ بھی کھارہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ اس جماعت کا مشن صرف عوام کی جیبوں پر ڈاکے مارنا ہے ، تحریک انصاف کبھی بجلی کے نام پر،کبھی گیس کے نام پر ،کبھی ادویات اور کبھی پیٹرول کے نام پر عوام کی جیب پر ڈاکہ ماررہی ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

The post لاہور کی ہر گلی محلے میں سیوریج کا پانی جمع ہے، عظمیٰ بخاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email