پاکستان سمیت خطے میں امن کی خواہش ہماری اولین ترجیح ہے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت خطے میں امن کی خواہش ہماری اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی   نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میرا دامن صاف ہے کوئی شخص کرپشن یا کسی بھی حوالے سے میرے اوپر انگلی نہیں اٹھا سکتا، پاکستان آج مغربی دنیا میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کے خلاف امت مسلمہ کی آواز بن چکا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قائداعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے کوشاں ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے پر اصولی موقف اختیار کیا ہے، بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھرپور انداز میں دنیا میں اجاگر کیا ہے۔

 شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و مصالحت کے لئے کوشاں عالمی اتحاد کا حصہ ہیں، قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کرتے ہیں اور بابائے قوم اورقیام پاکستان کی جدوجہد کرنے والی نسلوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

  وزیر خارجہ نے کہا کہ14اگست کے دن پرچم کشائی کے ساتھ احتساب اور تجدید عہد کا دن منانا ہوگا، ہمیں ملکی ترقی کیلئے ایمانداری ‘ دیانتداری اور خلوص نیت سے کوشش کرنا ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے سابقہ انتخابات میں تحریک انصاف کو بھر پور مینڈیٹ دیا ہمیں یہاں کے عوام کے مینڈیٹ کا بھر پور احترام ہے، عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کو تحریک انصاف نے اپنے منشور میں شامل کیا، ہم جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق دیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپ کے بیشتر ممالک ایسے ہیں جن کی آبادی جنوبی پنجاب سے بھی کم ہے، ہم نے پنجاب کے 36اضلاع کی12 کروڑ آبادی کے بہترین نظم و نسق اورانتظام و انصرام کیلئے وزیراعظم عمران خان کو علیحدہ صوبے کیلئے قائل کیاہے۔

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھاکہ ہمارے پاس جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے دو تہائی اکثریت نہیں جب کہ پی ٹی آئی حکومت کو کریڈٹ نہ دینے کیلئے سیاسی جماعتیں جنوبی پنجاب صوبہ کی مخالفت کررہی ہیں لیکن ہم نے نئے صوبے کیلئے کوششیں ترک نہیں کیں

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملتان، پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ قائم کرکے صوبے کی راہ ہموار کر دی ہےاس وقت 17 محکموں کے سیکرٹری جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بیٹھنا شروع ہو گئے ہیں لیکن جب جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مکمل ہو جائے گا  تو لوگ لاہور سیکرٹریٹ کو بھول جائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اقتدار ہماری منزل نہیں ہم نے اپنے دورہ حکومت میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا کام اتنا آگے لے جائیں گے کہ کوئی بھی حکومت سیکرٹریٹ کو رول بیک نہیں کر سکے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  نے   مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ کا قیام تبدیلی کی بنیا دہے۔ تحریک انصا ف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کیلئے ملازمتوں کا علیحدہ کوٹہ مختص کیا، جلد ہی جنوبی پنجاب کے لئے علیحدہ پبلک سروس کمیشن کا قیام عمل میں لائیں گے۔

The post پاکستان سمیت خطے میں امن کی خواہش ہماری اولین ترجیح ہے، وزیر خارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email