گولین میں سیلاب،  مقامی آبادی محصور ہوکر رہ گئی

گولین (زیل نمائندہ)گزشتہ دنوں گولین میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ایک طرف زرعی زمینات بری طرح متاثر ہوئیں تو دوسری طرف سڑکیں،آب نوشی و آب پاشی کا نظام،گھر،پن بجلی گھراورپلیں بھی سیلاب برد ہوگئے۔ پیر کی صبح آٹھ بجے آنے والی اس سیلاب سے وادی میں واقع پانچ سو سے زیادہ گھرانے پہاڑوں کے درمیان محصور ہوکر رہ گئے ہیں کیونکہ وادی کو بونی روڈ کے ساتھ ملانے والی واحد سڑک اور چار معلق پل سیلاب برد ہوچکے ہیں جبکہ گولین چار وں طرف پہاڑوں میں گھری ہوئی تنگ وادی ہے۔ وادی میں واپڈ ا کا 108میگاواٹ کا پن بجلی گھر کے ہیڈ ورکس کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے بجلی گھر بند کردی گئی ہے۔ گولین کے اوپر پہاڑی سلسلوں میں کئی گلیشائی جھیل واقع ہیں جن میں سے کئی ایک کی پھٹ جانے کی پیشگی وارننگ یو این ڈی پی کی گلوف پراجیکٹ اور محکمہ موسمیات کے ماہرین نے جون کی 19جون کو جاری کردی تھی۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کوغوزی گاؤں قریب وادی گولین کوجانے والی سڑک کے ماشیلیک کے مقام کا دورہ کیا اور وادی سے باہر پھنسے ہوئے وادی کے باشندوں کو یقین دلایا کہ ان کو تمام ممکنہ امداد کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریسکیو کے کام میں تیزی لائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتطامیہ نے پہلے سے ضروری اشیاء اور ادویات وادی گولین پہنچادی تھی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایات جاری کردی کہ انفراسٹرکچروں کی بحالی کاکام سیلاب کی شدت میں کمی آنے کے ساتھ ہی شروع کیا جائے۔ اس سیلاب سے موری پائین، برغوزی اور کوجو کے لئے آ بنوشی اوآ ابپاشی کے پائپ لائن بھی شدید متاثر ہوگئے ہیں۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ یونٹ چترال اور ریسیکو1122کے مطابق سیلاب کے نتیجے میں ازغوگاؤں میں دوگھر مکمل طور پرمتاثراور ایک گھر کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے جبکہ بوبکہ گاؤں میں ایک مسجداور ایک گھر جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔ازغور اور بوبکہ گاؤں میں چھے افراد کے چراگاہ اور اسی گاؤں میں ہی پانچ افراد کی کھڑی فصلیں مکمل طور پر سیلاب برد ہوچکی ہیں جبکہ موٹر گیراج اور دکانوں کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچاہے۔ سیلاب سے تین RCC پلوں کے ستونوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ 500میٹرسڑک بھی مکمل طور پر سیلابی ریلوں میں بہہ چکی ہے۔ سائفون آب پاشی اسکیم کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ واٹرسپلائی اسکیم مکمل طور پر متاثر ہوا ہے۔ گولین گول پن بجلی گھرکے ہیڈورکس میں ملبے بھر جانے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر متاثر ہوا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email