Zeal Breaking News

تورکھو میں آئی بیکس کے غیرقانونی شکاری گرفتار

تورکھو (زیل نمائندہ) زیور گول تورکھو میں غیر قانونی شکار میں ملوث ایک شکاری کو رنگے ہاتھوں شکار کردہ آئی بیکس کے سینگ اور گوشت کے ساتھ گرفتار کرلیا جبکہ غیر قانونی شکار کے دوسرے واقعے میں مبینہ طور پر غیر قانونی شکاری شکار کے ثبوت چھپانے اور گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔  وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ بونی کے رینج آفیسر منیر احمد نے بتایا کہ زیور گول میں آئی بیکس کے غیر قانونی شکارکی خفیہ اطلاع پر انہوں نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے زیور گول میں غیرقانونی شکاریوں کا پیچھا کیا لیکن وہ موقع سے فرار ہوچکے تھے جس پر انہوں نے مقامی عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے پولیس اسٹیشن شاگرام کے ایس ایچ او قربانی علی اور پولیس کی نفری بمعہ لیڈی اسٹاف واشچ گاؤں کے اقرار الدین کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے گھر سے آئی بیکس کے سینگ اور 11کلوگرام گوشت برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرالیاجس نے بعد میں وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق ایک لاکھ 30ہزار روپے جرمانہ ادا کردی جس پر ان کے خلاف مزید کاروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسی گاؤں میں غیر قانونی شکار کے دوسرے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارنے سے پہلے انہوں نے شکار کے سینگ اور گوشت ضائع کردئیے تھے لیکن چھاپے کے دوران ان کے گھر میں پریشر ککر سے تقریباً ایک کلوگرام آئی بیکس کا گوشت برآمد کرکے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے جس کے بعد ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ رینج آفیسر نے کہاکہ ابراہیم خان غیر قانونی شکار کے ایک درجن سے زیادہ واقعات میں ملوث رہا ہے جن میں بعض کیسوں میں وہ جرمانہ ادا کرچکے ہیں جبکہ بعض کیس اب بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ دریں اثناء پولیس اسٹیشن شاگرام نے ملزم ابراہیم خان کے گھر سے غیر قانونی رائفل برآمد کرکے ان کے خلاف 15آرمز ایکٹ کے تحت پرچہ چاک کردیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں چترال کے سابق ڈی پی اور تحصیل کونسل کے سابق ممبر محمد سید خان لال نے بھی ایک اخباری بیان میں زیور گول میں غیر قانونی شکار پر تشویش کا اظہار کرکے اس کی روک تھام کا مطالبہ کیا تھا۔

Print Friendly, PDF & Email