بزرگ عالِم دین مولانا مشرف خان انتقال کرگئے

دروش(زیل آن لائن ) چترال کے بزرگ عالم دین مولانا مشرف خان مختصر علالت کے بعد آج اپنے آبائی گاؤں دروش میں انتقال کر گئے۔ مولانا مرحوم ملک کی موقر دینی درس گاہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے قدیم فضلاء میں سے تھےاور 1970ء میں فارغ التحصیل ہوگئے تھے۔ ان کا شمار مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ کے فیض یافتگان اور خدام خاص میں ہوتا ہے۔ درس نظامی کی تکمیل کے بعد کچھ عرصے تک جامعہ دارالعلوم ہی کے شعبہ ابتدائیہ کے استاد کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد اپنے آبائی علاقے چترال منتقل ہوگئے اور تا دم آخر چترال میں دینی علوم کی ترویج و اشاعت کا فریضہ نبھاتے رہے۔ وہ دروش کی حضرت بلال مسجد کے سالہا سال سے امام و خطیب تھے۔ چترال کی دینی تحریکات کےروح رواں اور جمعیت علماء اسلام حلقہ دروش کے سرپرست بھی تھے۔ ان کی ناگہانی وفات سے چترال کے علمی اور دینی حلقے میں پیدا ہونے والا خلا تا دیر محسوس کیا جاتا رہے گا۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز منگل شام سات بجے ان کے آبائی گاؤں گرومیڑ دروش میں ادا کی جائے گی۔

دریں اثنا چترال کی ممتاز دینی و سماجی شخصیت قاری فیض اللہ چترالی، مفتی نعمت اللہ چترالی ، قاری حبیب اللہ چترالی، قاری حبیب الرحمن چترالی ، مولانا شفیع شاہد ودیگر نے مولانا مشرف خان مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا مرحوم کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے مرحوم کے پس  ماندگان اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email