زائدکرایہ وصول کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن

چترال (زیل نمائندہ)پیٹرولئیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور نمایاں کمی کے بعدڈی پی او چترال وسیم ریاض کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک انچارج سب انسپکٹر چترال فضل کریم اوراُس کی ٹیم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ما سک نہ پہننے والے ڈرائیورحضرات،کم عمراوربغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باؤجودمسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کاروائی شروع کردی ہے۔گزشتہ دنوں سے جاری مہم کے دوران چترال سے بونی،اسلام آباد،پشاوراوردیگرعلاقوں  کوجانے والے مسافروں سے اضافی کرائے وصول کرنے والے ڈرائیوروں کو جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو اضافی کرائے بھی واپس کرادئیے۔ انہوں نے ماسک نہ پہننے والے ڈرائیوروں کو بھی جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بغیر ماسک کے مسافربیٹھانے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر وارننگ بھی جاری کردی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹروں پر واضح کردیاکہ سرکاری طور پرمقررکردہ کرایوں سے ایک پائی بھی زیادہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ کورونا کے مہلک وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر سے روگردانی کرنے والے ٹرانسپورٹروں سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کم عمر موٹرسائیکل سواروں کے بارے میں مکمل عدم برداشت کا اصول اپنایا جائے گا جوکہ اپنے ساتھ راہگیروں کی جانوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس چترال نے  ان کے خلاف بھرپورمہم شروع کریں اور والدین کو سختی سے اس کا پابند بنائیں کہ وہ بچوں کو موٹر سائیکل نہ چلانے دیں۔

Print Friendly, PDF & Email