اپر چترال میں پہلی دفعہ سنو اسکائینگ کے تربیتی کیمپ کا انعقاد

اپر چترال (زیل نمائندہ) چترال کے ابھرتے ہوئے نوجوان کارکن آصف مراد نے اپنی تنظیم "ہندوکش ماونٹنرئنگ اینڈ ایڈوانچر کلب” کے زیرِ اہتمام قاقلشٹ میں 5 روزہ سنو سکیینگ کے تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔ کیمپ میں چترال، ہنزہ اور لاہور سے آئے ہوئے 50 سے زائد نوجوان شریک ہیں جنہیں آسٹریا کے انسٹرکٹر جولین اور نامور پاکستانی کوہ پیما مرزا علی جنہیں ماؤنٹ ایورسٹ سمیت دنیا کے سات برِ اعظموں کے تمام بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنے کا اعزاز حاصل ہے، تربیت دے رہے ہیں۔ کیمپ میں شریک نوجوانوں کو سنو اسکیینگ کی بنیادی تربیت دی جارہی ہیں۔ یہ تنظیم اس سے قبل بھی چترال میں نوجوانوں کیلئے راک کلائمبنگ اور سنو کلائمبنگ کے تربیتی کیمپس منعقد کرچکا ہے۔ تنظیم کا مقصد نوجوانوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی طرف متوجہ کرنا، علاقے میں سیاحت کا فروغ اور جنگلی حیات کا تحفظ ہے جس کیلئے یہ تنظیم گزشتہ چند ایک سالوں سے قلیل وسائل، حکومتی عدم توجہ اور دوسری مشکلات کے باوجود سرگرمِ عمل ہے۔ قاقلشٹ میں منعقدہ حالیہ کیمپ اپنی نوعیت کا پہلا کیمپ ہے۔ آصف مراد نے بتایا کہ چترال میں ‘سنو اسکائینگ’ کی ایک مقبول کھیل کے طور پر ترویج کی جاسکتی ہے جس سے علاقے میں سرمائی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ وہ آئندہ بھی اس قسم کی سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے پُرعزم ہے۔

Print Friendly, PDF & Email