دھرنا ختم ،ایک ہفتے کے اندر بروزیونین کونسل اور ملحقہ دیہات کو بجلی دی جائے گی

بروز(نمائندہ زیل) گولین گول پن بجلی گھر کی بجلی سے محروم بروز یوسی اور ملحقہ دیہات کو ایک ہفتے کے اندر بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد علی سودھر نے بروز کے مقام پر گزشتہ پانچ دنوں سے جاری دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے یقین دہانی کی کہ پیسکو حکام اور ان علاقوں میں  موجود ٹرانسمیشن لائن جو محمد خان اینڈکمپنی کی ہے ان سے گفت و شنید کے بعد بروزیوسی اور ملحقہ دیہات کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ دھرنے کے مقام پر  ہزاروں کی تعداد میں موجود احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے کہاکہ پیسکو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے کے بعد ان کی ان علاقوں میں موجود ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی کی فراہمی پر رضامند کرالیاگیا ہے جس میں ڈی سی نے کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید  کہاکہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی دوصورتیں ہیں جس کی پہلی صورت میں بجلی کو جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن سے ٹرانسمیشن لائن کے مالک حاجی محمدخان کے ذریعے دی جائے گی جبکہ دوسری صورت میں ان تمام گھروں میں پیسکو خود میٹر لگاکر خود بجلی کی فراہمی کا نظام اپنے ہاتھوں لے گی اور پرائیویٹ پارٹی کو لائن رینٹ اد ا کرے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفسر کیپٹن(ر) منصور امان نے بھی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے لوگ امن پسند ہونے کے ساتھ ساتھ قانون کی پاسداری کرنے والے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا احتجاج حق پر منبی ہے اور وہ پرامن طریقے سے اپنے مطالبات کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جو اخلاقی اور قانونی طور پر بھی صحیح ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے تمام شرکاء دھرنے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی محنت اور کردا ر سے متاثرہ عوام کو بجلی دینے کی یقین دہانی ہوئی ہے جو ایک اچھا شیگون ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی حکومت کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ چترال میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔ یادرہے کہ بروز کے مقام پر گزشتہ پانچ دنوں سے جاری گولین گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی دینے کے حوالے سے دھرنا جاری تھا جس میں برو زاور ملحقہ دیہات کے ہزاروں افراد شریک تھے۔ جمعرات کے دن ڈی سی ،ڈی پی اوا ور ضلع ناظم نے دھرنا کے مقام پر شرکاء سے خطاب میں بجلی کی فراہمی کی  یقین دہانی کرانے پر مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا۔

Print Friendly, PDF & Email