سی پیک اور موجودہ ترقیاتی کاموں کا سہرا سلطان محمد شاہ آغاخان کے سر جاتا ہے، عبدالطیف

بونی (نمائندہ )سی پیک اورملک کےکونے کونے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سڑکوں کی تعمیر کا سہرا سرسلطان محمد شاہ آغاخان کے سر جاتا ہے جنہوں نے گوادر کی زمین عمان کی حکومت سے خرید کر پاکستان کو تحفہ میں دیا تھا ۔ آج ایم این اے افتخار الدین سی پیک کا کریڈٹ لینے کی جوناکام کوشش کررہےہیں ۔

عوام کو پتہ ہونا چاہئے کہ سی پیک کوئی دیسی لیول کا منصوبہ نہیں جس میں افتخار الدین کی کوششیں شامل ہو، اگر اسماعیلیوں کے اڑتالیس ویں امام سرسلطان محمد شاہ آغاخان گوادر کی زمین عمان سے خرید کر پاکستان کو نہ دیتے تو شاید نہ گوادر پورٹ بنتا اور نہ ہی سی پیک کا کوئی نام ونشان ہوتا، اسی لئے سی پیک جیسے بین الاقوامی معیار کے منصوبے کا سارا کریڈٹ سرسلطان محمد شاہ کو جاتا ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف چترال کے ضلعی صدر عبدالطیف نے بونی بزاندہ میں منعقدہ ایک شمولیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں دیدار ولی کی قیادت میں بونی ، آوی، چرون، جنالی کوچ اور کوراغ سے تین سو سے زائد افراد اپنے خاندانوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ۔ یاد رہے دیدار ولی کا شمار شہزادہ فیملی کے قریبی لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے پچھلے الیکشن میں شہزادہ افتخار الدین کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیدار ولی نے ایم این اے چترال کی ناقص کارکردگی اور ورکرز کو نظر انداز کرنے پر ان کا ساتھ چھوڑنے کا اعلان کیااور کہا کہ آئندہ پی ٹی آئی کی کامیابی کے لئے بھر پور کوشش کریں گے۔ دیدار ولی کا تعلق بونی بازاندہ سے ہیں جو اپنی سماجی خدمات کی وجہ سے علاقے میں جانی مانی شخصیت ہے، جبکہ سماجی خدمات کے مختلف اداروں سے منسلک رہنے کی وجہ سے انہیں کمیونٹی میں  قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email