ن لیگ کے ہر منصوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، فرخ حبیب

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ کے ہر منصوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔

ڈی جی خان پی ڈی ایم جلسے میں شہباز شریف اور فضل الرحمان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پہلے یہ فیصلہ کیا جائے کہ شہباز شریف پی ڈی ایم اصل ہے یا مریم صفدر والی پی ڈی ایم اصل ہے؟ جس پارٹی کی قیادت کا فیصلہ نہیں ہو رہا وہ حکومت کے خلاف کیا تحریک چلائیں گے؟

فرخ حبیب نے کہا کہ ڈی جی خان کے عوام شوباز شریف کی اصلیت سے واقف ہیں، جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ذمہ داری ہی یہ لوگ ہیں، آج جو مگرمچھ کے آنسو بہاتے نظر آرہے ہیں جب اقتدار میں تھے تو ڈی جی خان انہیں یاد نہیں آیا، ان لوگوں نے پسماندہ علاقوں کا نہ صرف حق مارا بلکہ کسانوں کے نام پر اربوں کی کرپشن کی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نہ صرف زرعی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے بلکہ کسانوں کو 1100 ارب اضافی فراہم کیے گئے، ن لیگ کے ہر منصوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے بے شمار چیلنجز کے باوجود نوجوانوں کے لئے کامیاب جوان پروگرام، کسان کارڈ، ہنرمند جوان سمیت متعدد سماجی ترقی کے منصوبے شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ویں کھلاڑی کو دن میں اقتدار کے خواب آرہے ہیں، پہلی مرتبہ اقتدار سے باہر ہونے پر فضل الرحمان کو ذہنی بے سکونی ہے، فضل الرحمان کے اپنے کمائی کے ذرائع کیا ہیں؟ ان کے اثاثوں کا سوال ہو تو اداروں پر حملہ آور ہوتے ہیں، بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی فضل الرحمان اپنا ایک کارنامہ گنوا دیں۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے بے لوث سفیر اور دلیر وکیل ہیں، ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، جب ملک میں ڈرون حملے ہوتے تھے تو اس وقت فضل الرحمان پر اسرار طور پر کیوں خاموش تھے؟

The post ن لیگ کے ہر منصوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں، فرخ حبیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email