جس ملک کی معیشت گرجاتی ہے وہ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا، مولانا فضل الرحمان

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جس ملک کی معیشت گر جاتی ہے وہ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا۔

ڈیرہ غازی خان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے ہم نے مظفر گڑھ میں ملین مارچ کیا تھا اس میں عوام کی شرکت تاریخی تھی، آج کے اس فقید المثال استقبال اور عوام کے جوش و جذبے پر عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سب تقریریں نااہل حکمرانوں کی خراب کارکردگی پر ہوئی ہیں، الیکشن کے وقت 48 گھنٹوں کے اندر دنیا کو باور کروایا کہ یہ الیکشن جعلی ہے، پہلے وہ ناجائز تھے اب وہ نالائق ہوچکے ہیں اور نااہل بھی ثابت ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کی معیشت گرجاتی ہے وہ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا، سوویت یونین کی مثال آپ کے سامنے ہے، آج پاکستان کا کیا حشرکردیا گیا ہے، آج کا حکمران جہاں جاتا ہے بھکاری کی طرح کھڑا ہوتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہاں پر آج کسان رو رہا ہے ڈاکٹر رو رہا ہے، یہاں کا وکیل احتجاج پر ہے، یہاں 1 کروڑ نوکریوں کی امید دی تھی 30 لاکھ لوگ بے روزگار کردیئے گئے، جب سے پاکستان بنا ہے 1 کروڑ نوکریاں نہیں دی گئی آپ لوگوں نے نیازی پر اعتبار کیسے کیا؟

 انہوں نے کہا کہ تم ملک کا نظام نیب کے ذریعے چلا رہے ہو، نیب جب فعال ہوتا ہے تو سمجھیں وہ آمریت کی علامت ہوتی ہے، عمران خان کو کمشیر کو بیچنے کے ایجنڈے پر لایا گیا اور عمران خان نے کشمیر بیچ دیا، سی پیک کا عظیم منصوبہ پاکستان آیا تمہیں سی پیک کو ناکام بنانے کا ایجنڈا دیا گیا، آج چین ہم سے ناراض ہے، پورا ایشیاء ترقی کررہا ہے لیکن پاکستان سے کوئی تجارت کرنے کو تیار نہیں ہے، ہم آپ کو پاکستان کے لیے ناسور سمجھتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کے اداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ایسے ناجائز حکومت کی پشت پناہی ٹھیک نہیں، کس حالت تک عمران خان پاکستان کو پہنچا چکا ہے، پانامہ لیکس میں نام تو بہت تھے سزا صرف نواز شریف کو دی گئی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے، ہم عوام کی عدالت میں انکا مقابلہ کریں گے، الیکشن ہوں گے تو جنرل الیکشن ہوں گے بلدیاتی الیکشن کا ڈرامہ صرف توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔

 پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ تحریک جاری رہے گی، اب یہ شکست کھا چکے ہیں، پی ڈی ایم کی تحریک آگے بڑھے گی قوم کے شانہ بشانہ ہوں گے، ہر محاذ پر جنگ جاری رہے گی۔

The post جس ملک کی معیشت گرجاتی ہے وہ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتا، مولانا فضل الرحمان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email