مہنگائی اتنی ہے کہ آج مائیں دروازوں کی طرف دیکھتی ہیں کہ کوئی کھانا دے گا، خورشید شاہ

پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ مہنگائی اتنی ہے کہ آج مائیں اور بہنیں دروازوں کی طرف دیکھتی ہیں کہ کوئی کھانا دے گا۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا، احتجاجی مظاہرے میں کارکنان نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی، احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی پی رہنما خورشید شاہ اور صوبائی وزیر سید اویس شاہ نے کی، مظاہرے میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی ارسلان شیخ بھی موجود تھے، احتجاجی مظاہرین میں پی پی خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، مظاہرے کے شرکاء نے وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے سکھر پریس کلب کے سامنے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی فکر نہیں ہے ہم نے کوڑے بھی کھائے، جیلیں بھی دیکھیں، مہنگائی اتنی ہے کہ آج مائیں اور بہنیں دروازوں کی طرف دیکھتی ہیں کہ کوئی کھانا دے گا، یہ حکمران جھوٹے ہیں اور صرف جھوٹے وعدوں کی حد تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ ڈالر سستا اور پیٹرول سستا کروں گا، آٹا سستا کروں گا، اب کیا ہوا؟ عمران خان 1 لاکھ نوکریاں اور گھر کہاں گئے؟

پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کی خاطر ہمارے لیڈروں نے جانیں قربان کیں، ہم نے اپنے دور میں صوبوں کو بااختیار بنایا، 18 ویں ترمیم لائے، ہم نے روزگار دیا، سستا تیل بھی دیا، سستی بجلی بھی دی، مگر ہم نے لوگوں کو گرفتار نہیں کروایا، ہم نے اپنے دور میں آٹا گھی چینی، بجلی اور تیل مہنگی نہیں کی۔

The post مہنگائی اتنی ہے کہ آج مائیں دروازوں کی طرف دیکھتی ہیں کہ کوئی کھانا دے گا، خورشید شاہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email