آریان خان اور اننیا پانڈے کی ایک اور واٹس ایپ چیٹ لیک

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور اداکارہ اننیا پانڈے کے درمیان منشیات کے بارے میں ہونے والی ایک اور واٹس ایپ چیٹ لیک ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واٹس ایپ چیٹ میں آریان خان اور اننیا پانڈ ے نے مبینہ طور پر ویڈ سمیت کئی اور منشیات کی خریداری کے بارے میں بات کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ چیٹس میں آریان خان نے اچیت کمار نامی آدمی سے بڑی تعداد میں منشیات خریدنے کی بات کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق آریان خان نے اچیت کمار سے80,000 بھارتی روپے کی منشیات (ویڈ) منگوائی تھیں۔

آریان خان کے فون سے برآمد ہونے والے واٹس ایپ ڈیٹا میں دو اور افراد کے ساتھ بھی آریان کی گروپ چیٹ میں منشیات کے بارے میں گفتگو سامنے آئی ہے۔

این سی بی کو اننیا پانڈے کے علاوہ تین دیگر مشہور شخصیات کے بچوں کے ساتھ بھی آریان خان کی چیٹس تک رسائی حاصل ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں مزید کئی چیٹس کا انکشاف بھی کیا گیا ہے جو کہ جولائی 2019 کی چیٹس ہیں، ان چیٹس میں آریان خان اور اننیا پانڈے نے مبینہ طور پر منشیات کے بارے میں بات کی اور چیٹ میں ویڈ کا ذکر بھی کیا۔

آریان خان: ویڈ

اننیا پانڈے: اس کی ڈیمانڈ ہے۔

آریان: میں تم سے یہ چھپ کر لوں گا۔

اننیا: ٹھیک ہے۔

اننیا: اب میں اس کاروبار کا حصّہ ہوں۔

آریان: تم ویڈ لے آئی ہو؟

آریان: اننیا

اننیا: میں لا رہی ہوں۔

18 مئی 2021 کو ہونے والی ایک اور چیٹ میں آریان خان نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ کوکین کے بارے میں بات کی اور این سی بی کا مذاق اڑایا۔

آریان : چلو کل کوکین لیں گے

اتنا کہنے کے بعد آریان نے اپنی واٹس ایپ چیٹ میں این سی بی کا مذاق اڑایا ۔

واضح رہے کہ بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواستِ ضمانت پر آج ممبئی ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔

دوسری جانب اداکارہ اننیا پانڈے کو بروز پیر 25 اکتوبر کواین سی بی کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا تھا۔

اس سے قبل ایجنسی نے ان سے 21 اور 23 اکتوبر کو کل چھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی تاہم انہوں نے 25 اکتوبر کو تیسری بار این سی بی کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، اننیا نے ایجنسی کو بتایا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بناء پر پوچھ گچھ کے لئے حاضر نہیں ہو سکیں گی اور اس سلسلے میں انہوں نے ایجنسی سے کچھ وقت مانگا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کی درخواست ضمانت 20 اکتوبر کو خصوصی عدالت نے مسترد کردی تھی۔

The post آریان خان اور اننیا پانڈے کی ایک اور واٹس ایپ چیٹ لیک appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email