ہم سیاست دان کتاب نہیں لکھ سکتے کیونکہ جب کتاب لکھیں گے ہر سچ لکھا جائے گا، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم سیاست دان کتاب نہیں لکھ سکتے کیونکہ جب کتاب لکھیں گے ہر سچ لکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پریس کلب میں صحافی نواز رضا کی کتاب روداد سیاست کی تقریب رونمائی سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کی نواز رضا  کی کتاب ایک حقیقت ہے، نواز رضا نے اپنی قلم کی طاقت کو کبھی غلط استعمال نہیں کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کسی بھی کتاب میں اس کا پس منظر ہونا ضروری ہے، ہمارے ملک کی بد قسمتی ہے کہ ہم تاریخ کو دہراتے ہیں، آج بھی کوشش کر رہے ہیں تاریخ کو دھرایا جائے، ہر حقیقت کے بہت سے پہلو ہوتے ہیں، ہم سیاست دان کتاب نہیں لکھ سکتے کیونکہ جب کتاب لکھیں گے ہر سچ لکھا جائے گا، میں نے مختلف کتابیں پڑھی، جنرل گل حسن کی کتاب واحد کتاب ہے جو حقائق پر مبنی ہے، وہ کتاب بک اسٹورز سے غائب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ ہی عوام سے پوشیدہ ہے، ہمارے ملک کی دلچسپ تاریخ ہے، ہم بد قسمتی سے نصاب میں جو بچوں کو پڑھا رہے ہیں اس میں ملک کے بڑے بڑے معاملات غائب کر دیے گئے ہیں، میں مکمل طور پر اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جو آدمی فیصلے کرتا ہو اس کا احتساب ہونا لازمی ہے، احتساب کے قوانین کی ہماری ایک تاریخ ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیب کا قانون ایک ایسے شخص نے بنایا جو عوام کا منتخب نمائندہ نہیں، نہ قانون بنانے والے، نہ اس کو چلانے والے اس کے احتساب میں آتے ہیں، صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے احتساب کو استعمال کیا جاتا ہے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ کتنے سیاستدانوں کو نیب نے سزا دی وہاں سے نیب کی حقیقت پتہ چل جائے گی، کرپشن روکنا بہت آسان ہے ٹیکس قوانین موجود ہیں، یہ اسمبلیاں خالی ہو جائیں گی۔

The post ہم سیاست دان کتاب نہیں لکھ سکتے کیونکہ جب کتاب لکھیں گے ہر سچ لکھا جائے گا، شاہد خاقان عباسی appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email