خورشید شاہ کی جیل سے رہائی تاخیر کا شکار

پی پی رہنما خورشید شاہ کی جیل سے رہائی ایک دن تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ سے جاری آرڈر کی تصدیق نہ ہونے کی وجہ سے رہائی کا معاملہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے بیٹے زیرک خورشید شاہ نے وکلاء کے ساتھ ضمانتی مچلکے جمع کرائے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے خورشید شاہ کے بیٹے زیرک شاہ کا کہنا ہےکہ احتساب عدالت سکھر میں مچلکے جمع ہونے کے بعد سپریم کورٹ سے آرڈر کی تصدیق ہونی ہے۔

زیرک شاہ نے بتایاکہ آج جمعے کا دن ہونے کی وجہ سے تصدیق نہیں ہوسکی، کل ہفتے کے دن سپریم کورٹ سے آرڈر کی تصدیق ہو جائے گی۔

خورشید شاہ کے بیٹے نے مزید کہاکہ سپریم کورٹ نے کل ایک کروڑ کے مچلکے جمع کرانے پر خورشید شاہ کی درخواست ضمانت منظور کی تھی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ سے ضمانت کے آرڈر کی تصدیق کے بعد ہفتے کو خورشید شاہ کی رہائی ممکن ہوسکے گی۔

واضح رہےکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے بیٹے زیرک شاہ وکلاء کے ساتھ آج احتساب عدالت سکھر پہنچے تھے، احتساب عدالت میں ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد احتساب عدالت رہائی کا آرڈر جاری کرے گی۔

The post خورشید شاہ کی جیل سے رہائی تاخیر کا شکار appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email