وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ کریں گے ، ترجمان دفترخارجہ

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 23-25 اکتوبر 2021 کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران ریاض میں مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو (ایم جی آئی) کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کریں گے ، سعودی عرب کے دورے اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے دی ہے ، مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو (ایم جی آئی) کانفرنس 23 سے 25 اکتوبر 2021 تک سعودی عرب میں ہو رہی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب جا رہا ہے ، وفد میں وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی شامل ہوں گے ، ایم جی آئی کانفرنس میں وزیر اعظم ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے، وزیر اعظم ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فطرت پر مبنی حل شروع کرنے کے پاکستان کے تجربے کو کانفرنس کے شرکاء کےساتھ شیئر کریں گے۔

عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایم جی آئی کانفرنس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی تجویز پر منعقد کی جا رہی ہے ، یہ پروگرام مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ “گرین سعودی عرب” اور “گرین مڈل ایسٹ” پروگرام کا آغاز ولی عہد نے مارچ 2021 میں کیا تھا ، وزیر اعظم عمران خان نے ان دونوں پروگرامز کا خیرمقدم کیا تھا اور پاکستان کے “کلین اینڈ گرین پاکستان” اور وزیر اعظم کے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تجربات شیئر کرنے کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دورے کے دوران سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت بھی کریں گے ، ان ملاقاتوں میں معاشی اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے پر توجہ دی جائے گی ، وزیر اعظم پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور مملکت میں پاکستانی تارکین وطن کی فلاح و بہبود ، باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ دورے کے دوران وزیر اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے ، سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں کے ساتھ بات چیت کریں گے ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے ، مشترکہ تاریخ اور باہمی تعاون پر مبنی ہیں۔

The post وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ کریں گے ، ترجمان دفترخارجہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email