دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرتی بھارتی آبدوزکا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں۔

اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کاپہلے ہی بہت معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز “حمزہ” کے دورے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر میرا یقین مزید پختا ہوگیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ بھارت شاید بھول بیٹھا تھاکہ پاک بحریہ بھی دیگر فورسز کی طرح ہمہ وقت مستعد اور چوکس ہے، دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔

واضح رہے کہ پاک بحریہ نے ایک بار پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیاہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی آبدوز نے 16 اکتوبر کو پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت سے بھارتی عزائم ناکام بنادئیے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق حالیہ سیکیورٹی حالات میں پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے مکمل الرٹ ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بھارتی نیول سب میرین کو پاک بحریہ کے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ نے پاکستانی حدود سے بہت پہلے ہی دیکھ لیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ نے ہندوستانی آبدوز کا سراغ لگایا اور یہ تیسری مرتبہ ہے کہ پاک بحریہ نے بھارتی سب میرین کا سراغ لگایا ہے۔

The post دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے، شیخ رشید appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email