کائنات کا ذرہ ذرہ آج میلاد مصطفیٰ ﷺ منا رہا ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کائنات کا ذرہ ذرہ آج میلاد مصطفیٰ ﷺ منا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے  مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام منعقدہ قومی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے اپنے اوپر پورا دین نافذ کرینگے تو دنیا و آخرت میں کامیاب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قرآن و سنت کے مطابق درس و تدریس کا سلسلہ بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے ، آج کے مبارک دن مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی دعاؤں میں یاد رکھنا ہے ، اللہ رب العزت نبی  ﷺ کے صدقے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو آزادی نصیب فرمائے۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ اللہ رب العزت کی خوشنودی اور نبی ﷺ کو ہدیہ عقیدت پیش کرنے کیلئے عمران خان کی ہدایت کے مطابق ملک بھر میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ منایا جارہا ہے ، جب بھی عمران خان سے ملاقات ہوتی ہے تو وہ انصاف کی فراہمی اور غریب طبقے کو اوپر لانے کی بات کرتے ہیں۔

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پانچ وقت کے نمازی بن جائیں تو ہماری زندگیاں بدل جائیں گی ، تربیت کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے۔

واضح رہے کہ قومی سیرت کانفرنس کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

The post کائنات کا ذرہ ذرہ آج میلاد مصطفیٰ ﷺ منا رہا ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email