منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 7602 ملزمان کوگرفتار کیا گیا ، حسان خاور

حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 7602 ملزمان کوگرفتار کیا گیا اور 7450 مقدمات درج کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ لاہور پولیس جدید ٹیکنالوجی اور عوام دوست ماڈرن پولیسنگ اسٹرٹیجی کے ذریعے شہر میں امن و امان کا قیام یقینی بنائے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات پر ایف آئی آرز کا فوری اندراج یقینی بنایا جا رہا ہے ، درحقیقت کرائم نہیں بڑھا بلکہ رجسٹریشن آف ایف آئی آرز بڑھنے سے کرائم کی رپورٹنگ بڑھی ہے ، لاہور پولیس کی آپریشنل و اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کی بدولت سال2021 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران صوبائی دارالحکومت مجموعی طور پر پرُامن اور محفوظ رہا۔

حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرائم انڈیکس پر بھی لاہور شہر کی درجہ بندی محفوظ شہروں کی فہرست میں بہتر اور نمایاں رہی ، گنجان آبادیوں میں لاء اینڈ آرڈر کے کنٹرول اور جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے ابابیل اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے ، شہریوں کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے لاہور پولیس کے سربراہ سمیت تمام اعلیٰ پولیس افسران باقاعدگی سے کھلی کچہریاں لگا کر سائلین کی سنوائی اور موقع پر داد رسی کے لیے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔

حسان خاور نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ جنسی ہراسگی اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے خواتین کی شکایات پر فوری مقدمات کا اندراج، ملوث ملزمان کی گرفتاری اور میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جا رہی ہے ، رواں سال خواتین کے خلاف جنسی ہراسگی، تشدد اور بدسلوکی کے واقعات میں 1000 سے زائد مقدمات درج کرکے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو تحفظ کی فراہمی کے لیے وویمن سیفٹی ایپ متعارف کرروائی گئی ہے ، صوبائی دارالحکومت میں خواتین سے جنسی ہراسگی اور تشدد کے واقعات کے خلاف “اینٹی وویمن ہراسمنٹ اینڈ وائلینس سیل” قائم کیا گیا ہے ، اعداد وشمار کے مطابق لاہور پولیس نے سال 2021ء کے ابتدائی نو ماہ اور 12 روز کے دوران قبضہ مافیا کے خلاف خصوصی مہم جاری رکھی ، سی سی پی او لاہور کے دفتر میں اینٹی قبضہ سیل، ہیلپ لائن 1242 کے قیام کے علاوہ خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔

حکومت پنجاب کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے رواں سال کے ابتدائی نو ماہ اور 12 روز کے دوران قبضہ مافیا سے شہریوں اورسرکاری زمینوں جائیدادوں کے مجموعی طور پر 81.69 ارب روپے مالیت کے 5290 کنال رقبہ پر مشتمل 609 قبضے واگذار کروائے ، لاہور پولیس نے رواں سال جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 43 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔

The post منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 7602 ملزمان کوگرفتار کیا گیا ، حسان خاور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email