وزیر توانائی سندھ کا توانائی بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے توانائی بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ تین وفاقی وزراء کی تبدیلی اور چار معاونین خصوصی کے مستعفی ہونے کے باوجود توانائی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا رپورٹ موجودہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے ، نیپرا رپورٹ کے مطابق ایل این جی کے دیر سے سودے ہونے کی وجہ سے قوم کو مہنگی بجلی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے ، حکومت فرنس آئل سے بجلی بنا کر اپنے اے ٹی ایم کی جیبوں کو بھر رہی ہے۔

امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ نیپرا نے اپنی رپورٹ میں واضح کر دیا ہے کہ حکومت ایل این جی کے بجائے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنا رہی ہے ، وفاقی وزیر اپنی نااہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کے بجائے نیپرا رپورٹ کو مسترد کر رہے ہیں۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ مسلسل غلط فیصلوں کی وجہ سے گرمیوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب قوم کو بھگتنا پڑا ، سردیوں میں گیس بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔

 اس سے قبل وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مرے کو مارنے  کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ہر ماہ عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جاتا ہے ، پی ٹی آئی کو جس مقصد کے لیے اقتدار سونپا گیا تھا وہ اپنا کام پوری ایمانداری کے ساتھ کر رہی ہے ، اب تو عوام کی چیخیں بھی آہوں اور سسکیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔

امتیاز شیخ نے کہا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خوردونوش سمیت تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا ، اوگرا نے پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کی تجویز وزارت پیٹرولیم کو دی ہوئی ہے۔

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ایک مرتبہ پھر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دے گی ، موجودہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے۔

The post وزیر توانائی سندھ کا توانائی بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email