وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر جیلوں کے قیدیوں کیلئے خصو صی کھانے کا اہتمام

وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصو صی ہدایت پر آج تمام جیلوں کے قیدیوں کیلئے خصو صی کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 12 ربیع الاوّل کے مبارک دن کی مناسبت سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر قیدیوں کو آج پراٹھا، چائے اور حلوے کا ناشتہ دیا گیا جبکہ دوپہر کے کھانے میں قیدیوں کو چکن بریانی، دہی اور میٹھے میں زردہ دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق جیل کے قیدی رات کو چکن روٹی، سویاں اور کشمیری چائے کا ڈنر کریں گے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے عید میلاد النبی ﷺ پر قیدیوں کے لئے خصوصی کھانے کا اہتمام کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ قیدی بھی ہماری طرح انسان ہیں ، نبی پاک ﷺ نے خود بھی اپنے عمل سے قیدیوں کے ساتھ حسن سلوک کیا۔

عثمان بزدار نے کہاکہ حضو ر اکرم ﷺ نے قیدیوں کے ساتھ اچھے برتاؤ کا درس دیا ہے ،آج مبارک ترین دن ہے اور اس دن کی مناسبت سے قیدیوں کیلئے اچھے کھانے کا اہتمام کیا ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز حکومت نے 12 ربیع الاول کے موقع پرقیدیوں کی 90 روز کی سزا معافی کا اعلان کر دیا ہے۔

 ‏وزارت داخلہ نے صوبوں کے سیکریٹریز داخلہ  کو سزا معافی کا نوٹی فکیشن بھجوا دیا ہے ، ‏عمر قید کی دو تہائی  سزا کاٹنے والے قیدیوں کو 90 روز کی  سزا معافی بھی مل سکے گی۔

عمر قید کی ایک تہائی سزا کاٹنے والے 65 سال سے بڑے مرد اور 60 سال سے بڑی خاتون قیدیوں پر بھی نوٹی فکیشن کا اطلاق ہوگا ، بچوں کے ساتھ سزا کاٹنے والی خاتون قیدیوں ماسوائے سنگین کرائم، دہشتگردی آرڈیننس 1999 پر بھی نوٹی فکیشن کا اطلاق ہوگا۔

ایک تہائی سزا مکمل کرنے والے 18 سال سے کم عمر نابالغ بچوں پر بھی 90 روز معافی کے نوٹی فکیشن کا اطلاق ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر صدر پاکستان داکٹر عارف علوی نے سزا معافی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایات کی تھیں۔

یاد رہےکہ آج ملک بھر میں جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلادالنبی کے حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

12 ربیع الاول کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا ،پھر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیےخصوصی دعائیں بھی کی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے مذہبی امورکی وزارت کو ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت کی ہے۔

ملک بھر میں گلیوں، بازاروں اور مساجد سمیت تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

The post وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر جیلوں کے قیدیوں کیلئے خصو صی کھانے کا اہتمام appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email