آپﷺکی اطاعت وفرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے، صدر مملکت

صدر مملکت کا کہنا ہےکہ آپﷺ کی اطاعت وفرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12 ربیع الاوّل کے مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن اللہ تعالیٰ کےحضور خصوصی شکر بجا لانے کا دن ہے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ آپﷺ نے قبائلی عصبیت و قومیت کے بت کو پاش پاش کیا، آپﷺکی اطاعت وفرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔

واضح رہےکہ ملک بھر میں جشنِ ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں عید میلادالنبی کے حوالے سے خصوصی تقریبات، کانفرنسز اور میلاد ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

12 ربیع الاول کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا ،پھر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی واستحکام کےلیےخصوصی دعائیں بھی کی گئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے مذہبی امورکی وزارت کو ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت کی ہے۔

ملک بھر میں گلیوں،بازاروں اور مساجد سمیت تمام سرکاری و نجی عمارتوں کو برقی قمقموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔

کراچی میں بھی عید میلاد البنی ﷺ کے سلسلے میں چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں، اہلنست، دعوت اسلامی اور سنی تحریک کے جلوسوں کے لئے کھارادر سے نمائش چورنگی تک گزرگاہوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے کے لئے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مختلف جلوسوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہے جبکہ 12 گھنٹوں کے لئے سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ جشن میلادالنبیﷺ پر آج ملک بھر میں عام تعطیل بھی ہے۔

 

 

The post آپﷺکی اطاعت وفرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے، صدر مملکت appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email