نیب آرڈیننس سے ملک میں مزید افراتفری اور انتشار پھیلے گا، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس سے ملک میں مزید افراتفری اور انتشار پھیلے گا۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نیب آرڈیننس 2021 کو مسترد کردیا جبکہ اسے ڈریکونین لاء قرار دیتے ہوئے ہر قانونی فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہاکہ سیاسی انتقام کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے قانون بدلا گیا۔ کالے قانون کی مذمت کرتے ہیں، اس کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) یہ آرڈیننس قطعی طور پر مسترد کرتی ہے، یہ بدنیتی پر مبنی ہے، اس آرڈیننس سے ملک میں مزید افراتفری اور انتشار پھیلے گا۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا کہ پارٹی کی قانونی ماہرین سے مشاورت جاری ہے، اس ڈریکونین لاء کو ہر قانونی فورم پر چیلنج کیا جائے گا۔

 مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ کالا قانون عدلیہ کی آزادی پر کھلا حملہ ہے جبکہ  یہ آرڈیننس نہیں، این آر او ہے جو کالے کارنامے اور چوریاں چھپانے کے لیے عمران خان لائے ہیں۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ چئیرمین کی تقرری سے متعلق کی گئی ترمیم بددیانتی کی بدترین مثال ہے۔ ججوں کی تقرری اور تبادلے کا اختیار ایگزیکٹو نے اپنے ہاتھ میں لے لیا، ملک بھر میں جج لگانے کا اختیار اپنے ہاتھ لینے کی عمران خان کی سازش مسترد کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اور پارلیمنٹ سے مشاورت نہ کرنے کا عمران خان نے یہ غیرقانونی طریقہ دریافت کیا، سنجیدہ معاملے پر بذریعہ آرڈیننس بنیادی نوعیت کی قانونی تبدیلیاں لاقانونیت ہے۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کو مزید طول دینے کے لیے مخصوص ترامیم کی گئیں، قانون شہادت بائی پاس کرکے مرضی کے ججوں سے مخالفین کو سزائیں دلوائی جائیں گی۔

The post نیب آرڈیننس سے ملک میں مزید افراتفری اور انتشار پھیلے گا، مریم اورنگزیب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email