آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے حکومت گندم کا بروقت اجراء کرے، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے سندھ اور بلوچستان حکومت گندم کا بروقت اجراء کرے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا  جس میں وزیر خزانہ نے  سندھ اور بلوچستان میں گندم کے بروقت اجراء میں تاخیر اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کمیٹی کو 50 ہزار میٹرک ٹن چینی کے ٹینڈر کے حوالےسے آگاہ کیا جبکہ کمیٹی نے وزارت تجارت کو پیاز کی برآمد کیلئے ای سی سی کے سامنے اچھی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

سیکرٹری قومی تحفظ خوراک نے کمیٹی کو سرکاری شعبے میں گندم کے ذخیرے کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ کمیٹی نے عالمی مارکیٹ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کا بھی جائزہ لیا۔

بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ گزشتہ ہفتہ کے دوران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں 0.10 فیصد کی کمی ہوئی  جبکہ ٹماٹر، پیاز، دال مونگ، دال ماش سمیت 10 اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتہ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، قیمتوں کے حساس اشاریوں میں کمی حکومتی اقدامات کی بدولت ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مہنگائی کی مجموعی شرح8.58 فیصد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال پہلی سہ ماہی میں مہنگائی کی شرح 8.84 فیصد تھی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین نے آٹا کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے حکومت پنجاب اور اسلام آباد انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں بروقت گندم جاری کرنے سے آٹے کی قیمتوں پر دباؤ کم ہوا۔

شوکت ترین نے  سندھ اور بلوچستان میں گندم کے بروقت اجراء میں تاخیر اور قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے سندھ اور بلوچستان حکومت گندم کا بروقت اجراء کرے۔

 وزیر خزانہ شوکت ترین نے  وزارت صنعت و پیداوار اور ایف بی آر ڈیوٹی میں رعایت کے ذریعے خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت دی۔

The post آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے حکومت گندم کا بروقت اجراء کرے، وزیر خزانہ appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email