پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور میڈیا کے لوگوں کے انخلاء میں سہولت فراہم کی، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور میڈیا کے لوگوں کے انخلاء میں سہولت فراہم کی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرزہان کسٹافین کی ملاقات ہوئی  جس میں دونوں فریقین نے میڈیا اور انفارمیشن کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوران ملاقات دونوں جانب سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان 24 فروری 2022ءکو سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل ہونے پر پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں تقریب کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو آپس میں ملانے سے پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

 فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور میڈیا کے لوگوں کے انخلاء میں سہولت فراہم کی، مستحکم اور پرامن افغانستان ایک دوسرے سے منسلک خوشحال اور معاشی طور پر متحرک خطے کے وژن کو عملی جامہ پہنائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اس بات کی نشاندہی کی کہ نیا معاشی سیکورٹی منصوبہ امن، ترقی شراکت داری کے مرکزی ستونوں پر مبنی ہے۔

 فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ کووڈ 19 کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا گیا، حکومت پاکستان بروقت فیصلوں، سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اور ایس او پیز کے موثر نفاذ کے ذریعے کورونا وباءپر قابو پانے میں کامیاب  رہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے وباءسے نمٹنے کیلئے نمایاں کردار ادا کیا، وباءکے بعد خودانحصاری پر توجہ دیتے ہوئے ہم نے ماسک اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کئے اور اب یہ بیرون دنیا برآمد کئے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ قازقستان کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے سرکاری میڈیا اداروں کے مابین خبروں کے تبادلے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدرینے قازقستان کے سفیر کو پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی جنہیں قازقستان کی قومی زبان میں ڈبنگ کر کے قازقستان میں ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔

ملاقات میں قازقستان کے سفیر نے علاقائی روابط کے فروغ کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن میں اپنے ملک کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جبکہ قازقستان کے سفیر نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں، سفارت کاروں اور عالمی میڈیا کے نمائندوں کے انخلاءکیلئے پاکستان کے کردار کو  بھی سراہا۔

The post پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی شہریوں اور میڈیا کے لوگوں کے انخلاء میں سہولت فراہم کی، فواد چوہدری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email