جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے دور ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے دور ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں جماعت اسلامی کی پیش رفت سے نئے مواقع اور امکانات ہوئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حالات کروٹ لے رہے ہیں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے عوامی کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ پنڈوراپیپرز میں تینوں بڑی سیاسی جماعتیں ایکسپوز ہو گئیں، شفاف تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے تفتیشی سیل کو مسترد کرتے ہیں۔

سراج الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں کرپشن ناسور کی شکل اختیار کرگیا ہے، انتخابات میں بھی خرید و فروخت کا سلسلہ رہتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق  کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے دور ہے، جماعت اسلامی ملک میں کرپشن فری نظام نافذ کرے گی جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی  بھی بھرپور خدمت کرے گی۔

واضح رہے اس سے قبل امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ وزیر اعظم جو کہتے ہیں کرتے نہیں،حکومت کی کارکردگی صفر ہے ، ملک قرضوں سے نہیں چلتے، اہل قیادت قوموں کو خود انحصاری کی منزل کی جانب لے کر جاتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفادات میں ٹکراؤ ہے ، ہمارے حکمرانوں کے قول و فعل میں بھی تضاد ہے ، وزیراعظم جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں ، چوتھا سال ہے اور گاڑی اب بھی پیچھے کی طرف جارہی ہے۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ تین برسوں میں مافیاز نے خوب پیسے بنائے ، ایماندار کاروباری حضرات کے بزنسز تباہ ہوگئے ، ڈالر کی اونچی اڑان جاری، اسٹاک ایکسچینج دباؤ کی زد میں ہے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ اب اس سسٹم کو بدلنا ہوگا،خوشحالی کا ضامن صرف اللہ کا نظام ہوسکتا ہے ، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کو موقع دیں۔

The post جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے دور ہے، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email