اللہ تعالیٰ حق و سچ کا ساتھ دیتا ہے، علی امین گنڈاپور

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ حق و سچ کا ساتھ دیتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے مقام چڑہوئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا، شہداء کے لواحقین کو انصاف ضرور ملے گا کیونکہ اللہ تعالیٰ حق و سچ کا ہی ساتھ دیتا ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت قائم کرانے پر کشمیری عوام کے احسان مند ہیں۔ آزاد کشمیر کی سات دہائیوں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کی بھرپور خدمت کرے گی۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے لیے 370 ارب کے ترقیاتی پیکیج کا وعدہ پورا کیا ہے اور آزاد کشمیر کے لیے 550 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون پر کام شروع ہو گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے اربوں ڈالرز قرض لے کر ہماری خود مختاری اور خودداری کا سودا کیا ہے۔ عمران خان نے عزم کیا ہے کہ مشکل حالات کا سامنا کریں گے لیکن قوم کو اس کی خودداری واپس دلائیں گے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ کشمیریوں کے حقیقی سفیر اور وکیل ہیں۔ عمران خان نے واضح کیا کہ بھارت سے اگر مذاکرات ہوئے تو سب سے پہلے مسلہ کشمیر پر ہوں گے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ خوددار ملک بننے کے لیے ہمیں اپنے وسائل بڑھانے ہوں گے۔

The post اللہ تعالیٰ حق و سچ کا ساتھ دیتا ہے، علی امین گنڈاپور appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email