نئے پاکستان والوں کا غیرت اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نئے پاکستان والوں کا غیرت اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ”سلطانہ ڈاکو“ثابت ہوا ہے، اسوقت ملک میں خان بابا اور اسکے 40 چور مسلط ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اصل ”سسلین مافیا“اور”جعلی صادق و امین“اب بے نقاب ہوئے ہیں۔ نئے پاکستان والوں کا غیرت اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں، اگر عمران خان میں تھوڑی سی بھی غیرت باقی ہے تو قوم کی جان چھوڑ دیں۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ پنڈورا لیکس نے بھی ہمارے موقف کی ہی تصدیق کی ہے، ہم تو پہلے دن سے کہہ رہیں عمران نیازی چوروں کا سرغنہ ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چور،چور کی گردان کرنے والے خود چوروں کے سردار نکلے ہیں، اخلاقیات کا تقاضہ یہی ہے کہ شوکت ترین،مونس الٰہی، فیصل واوڈا،خسرو بختیار اور علیم خان مستعفی ہو جائیں۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اب جاگ چکی ہے ،قوم کی دولت لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔ اب عمران خان اور اسکے مافیا کو بھاگنے نہیں دینگے ، سب چور جلد اڈیالہ جیل میں ہونگے۔

واضح رہےکہ اس سے قبل صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سر سے پاؤں تک کرپشن اور احتساب میں لتھڑے ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس مایوسی کی بجلی بن کرگری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ وزیراعظم کی آف شور کمپنیوں کا واویلا مچانے والی ن لیگی قیادت نارووال کے ارسطو احسن اقبال کو اب چلو بھر پانی لازمی تلاش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے تحقیقات کا اعلان خوش آئند ہے، ن لیگی قیادت وقت سے پہلے دونوں ہاتھ اورایک ٹانگ اٹھا کر ہڈیاں ڈالنے اور الزام لگانے کی عادی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ جب حقیقت کا ادراک ہوتا ہے تو رسوائی اور جگ ہنسائی ان کی قسمت میں لکھی جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ حسب سابق عقل کی اندھی اور فہم کی لنگڑی ن لیگی قیادت وزیر اعظم کے بغض میں ایکپوز ہو گئی۔

The post نئے پاکستان والوں کا غیرت اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں، عظمیٰ بخاری appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email