حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کشمیر کاز کو بے پناہ نقصان پہنچا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کشمیر کاز کو بے پناہ نقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر بھارت سے کشیدگی ختم نہیں ہو سکتی۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیریوں کی جدوجہد ختم ہوئی تو پاکستان کو پانی کا قطرہ بھی نہیں ملے گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں کا مستقبل کا ایجنڈا آزاد کشمیر کو بھی صوبہ بنانا ہے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کشمیر کاز کو بے پناہ نقصان پہنچا۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے کل وقتی نائب وزیر خارجہ کا تقررکیا جائے اور گلگت بلتستان کو پاکستان کاعبوری صوبہ نہ بنایا جائے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کشمیریوں کے بے مثال راہنما تھے، تعلیمی نصاب میں سید علی گیلانی کے بارے میں باب شامل کیا جائے۔ صوبائی دارالحکومتوں میں ایک بڑی سڑک کو سید علی گیلانی کے نام سے منسوب کیا جائے۔

واضح رہے اس سے قبل امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ وزیر اعظم جو کہتے ہیں کرتے نہیں،حکومت کی کارکردگی صفر ہے ، ملک قرضوں سے نہیں چلتے، اہل قیادت قوموں کو خود انحصاری کی منزل کی جانب لے کر جاتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفادات میں ٹکراؤ ہے ، ہمارے حکمرانوں کے قول و فعل میں بھی تضاد ہے ، وزیراعظم جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں ، چوتھا سال ہے اور گاڑی اب بھی پیچھے کی طرف جارہی ہے۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ تین برسوں میں مافیاز نے خوب پیسے بنائے ، ایماندار کاروباری حضرات کے بزنسز تباہ ہوگئے ، ڈالر کی اونچی اڑان جاری، اسٹاک ایکسچینج دباؤ کی زد میں ہے۔

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ اب اس سسٹم کو بدلنا ہوگا،خوشحالی کا ضامن صرف اللہ کا نظام ہوسکتا ہے ، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کو موقع دیں۔

The post حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کشمیر کاز کو بے پناہ نقصان پہنچا، سراج الحق appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email