تدریس و تحقیق کے ساتھ انتظام کا شعبہ بھی اہمیت کا حامل ہے،گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تدریس و تحقیق کے ساتھ انتظام کا شعبہ بھی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان سے معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کامران بنگش کی ملاقات ہوئی جس میں سرکاری جامعات کے امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کامران بنگش  نے کہا کہ بہترین اعلیٰ تعلیم کی فراہمی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں خیبرپختونخوا میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے لئے ہر ممکن قدم اٹھارہے ہیں۔

کامران بنگش  نے کہا کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی نے کورونا سے نمٹنے کی حکومتی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ، خیبر میڈیکل یونیورسٹی روزانہ 15 ہزار کورونا ٹسٹ کی استعداد حاصل کرلی ہے۔

معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کامران بنگش  کا مزید کہنا تھا کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ماس ویکسینیشن سنٹر میں روزانہ 3 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ  خیبرپختونخوا کی 5 سرکاری یونیورسٹیوں کا عالمی رینکنگ میں شامل ہونا خوش آئند ہے، عالمی معیارات کے مطابق صوبہ کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کی انتظامیہ کو سپیشلائزڈ پیشہ ورانہ بنیادوں پر چلایا جائے۔

شاہ فرمان نے  یہ بھی کہا کہ تدریس و تحقیق کے ساتھ انتظام کا شعبہ بھی اہمیت کا حامل ہے، خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ 30 سرکاری جامعات نے اپنےبجٹ منظور کرائے۔

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے  مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کی بجٹ سازی میں فنانشل ڈسپلن کی جانب اہم پیش رفت ہے، سرکاری جامعات میں فنانشل ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے اس سے قبل خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش نے  اپنے جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ پولیس میں اصلاحات سے متعلق سفارشات مرتب کر لی ہیں، یہ سفارشات پولیس کی ہائی کمان کے ساتھ شیئر کریں گے ہم فنڈز کی دستیابی اور خرچ کو یقینی بنارہے ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ہم  خیبرپختونخوا صوبے میں پہلی مرتبہ ریڈنگ پالیسی لارہے ہیں تاکہ کتب بینی میں اضافہ ہو، صوبہ بھر میں 38 کنٹونمنٹ بورڈ میں 20 سے زائد نشستوں پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی ہیں، پی ٹی آئی صوبہ خیبرپختونخوا کی مقبول ترین جماعت ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش نے کہا تھا کہ ہم منصوبہ بھر میں لائبریریز کی تعداد 18 سے بڑھا کر 35 کررہے ہیں، اور ہر تحصیل کی سطح پر لائبریریز بنارہے ہیں، ہم کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہم وزیراعلی محمود خان کی ہدایت کے مطابق صوبہ کی 18 لائبریریز میں یہ کارنرز بنائے جارہے ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ میں انہوں نے دلیرانہ تقریر کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیر اور خطے کی صورتحال پر کھل کر بات چیت کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں افغانستان میں امن کی اہمیت پر روشنی ڈالی ہے، وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہادتوں کا ذکر کیا ہے، دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش نے کہا تھا کہ ماحولیات سے متعلق ایشوز پر وزیراعظم عمران خان نے کھل کر بات کی ہے، برطانیہ کے وزیراعظم نے عمران خان کے بلین ٹری سونامی کی تعریف کی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو سراہا جارہا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کامران بنگش کا  مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا  صوبے میں تمام شعبہ جات میں ترقی کے منازل طے کررہے ہیں، ساڑھے 5 لاکھ کسان ،کسان کارڈ سے مستفید ہونگے،ہم زرعی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں، صحت کارڈ،کسان کارڈ اور اس کے بعد تعلیم کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے،1500 سے زائد طلباء کو پہلی مرتبہ 1500 روپے ماہانہ وظیفہ ملے گا، ان طلباء کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

The post تدریس و تحقیق کے ساتھ انتظام کا شعبہ بھی اہمیت کا حامل ہے،گورنر خیبرپختونخوا appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email