پاکستان تحریک انصاف کا منشور عوام کی فلاح و بہبود ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے میٹرو بس ڈیپوٹ پر 64 نئی میٹرو بسیں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور لاہور کے شہری ہمارے لیے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اورمیری ٹیم لاہور کے مسائل اور ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں ، ٹریفک لاہور کا بہت بڑا مسئلہ ہے ، ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے انڈر پاس اور اوورہیڈبرج بنائے جا رہے ہیں ، ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ شہریوں کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے لاہور میٹروبس کیلئے 64 نئی اور جدید بسوں کی سروس کا آغاز کیا ہے ، پہلے سے زیادہ مسافروں کی گنجائش رکھنے والی 18میٹر طویل یہ بس عوام کے لیے بہترین ٹرانسپورٹ ثابت ہوگی ، نئی بسوں سے لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سوا لاکھ مسافروں کوروزانہ سفر کی بہترین سہولتیں فراہم کرسکے گی۔

سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے شفافیت کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے میں سرکاری وسائل بچائے ہیں ، میٹرو بس کاپرانا معاہدہ ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ کیا گیا جبکہ موجودہ ایگریمنٹ پاکستانی کمپنی کے ساتھ کیا گیاہے ، اس معاہدے سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچے گا بلکہ مقامی کمپنیاں ترقی کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ شروع کیاگیا ، سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وسیع تر قومی مفاد اور انٹرنیشنل کمٹمنٹ کے پیش نظر اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ، اورنج لائن میٹرو ٹرین کو فنکشنل بھی کیا اوراس کا کرایہ بھی 40روپے تک محدود رکھا ، اس منصوبے کیلئے سالانہ تقریباً 6.3ارب روپے سبسڈی بھی دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود ان منصوبوں کو جاری رکھا ، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے عزم کے تحت لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا پروجیکٹ بھی لارہے ہیں ، پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی نئی ماحول دوست بسیں شروع کی جائیں گی ، ماضی میں فیڈر بسوں میں مسافر نہ ہونے کے برابر تھے ، ہم نے عوام کی سہولت کے لیے کیش کرایہ وصول کرنے کا نظام متعارف کروایا۔

The post پاکستان تحریک انصاف کا منشور عوام کی فلاح و بہبود ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email