ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس مایوسی کی بجلی بن کر گری، فیاض چوہان

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ سر سے پاؤں تک کرپشن اور احتساب میں لتھڑے ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس مایوسی کی بجلی بن کرگری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی  رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ  وزیراعظم کی آف شور کمپنیوں کا واویلا مچانے والی ن لیگی قیادت نارووال کے ارسطو احسن اقبال کو اب چلو بھر پانی لازمی تلاش کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی طرف سے تحقیقات کا اعلان خوش آئند ہے، ن لیگی قیادت وقت سے پہلے دونوں ہاتھ اورایک ٹانگ اٹھا کر ہڈیاں ڈالنے اور الزام لگانے کی عادی ہے۔۔

ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ جب حقیقت کا ادراک ہوتا ہے تو رسوائی اور جگ ہنسائی ان کی قسمت میں لکھی جاتی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہےکہ حسب سابق عقل کی اندھی اور فہم کی لنگڑی ن لیگی قیادت وزیر اعظم کے بغض میں ایکپوز ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے صحافتی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل پنڈورا پیپرز بریک کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پانامہ پیپرز کے بعد نئے مالیاتی اسکینڈل ‘پنڈورا پیپرز’ کی ہوشربا تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جس کےمطابق  700 سے زائد پاکستانی بے نقاب ہوگئے ہیں جبکہ پنڈورا پیپرز میں مجموعی طور پر 200 سے زائد ممالک کی 29 ہزار سے زائد آف شور کمپنیوں کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

پنڈورا پیپرز میں وزیر خزانہ شوکت ترین ، مونس الہیٰ ، علیم خان اور فیصل واوڈا کی آف شور کمپنیاں سامنے آئیں جبکہ تحقیقات میں پنجاب کے سابق وزیر عبدالعلیم خان کی آف شور کمپنی، خسرو بختیار کے بھائی عمر بختیارعارف نقوی کی آف شورکمپنی اور پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن کی آف شور کمپنی بھی سامنے آئی۔

تحقیقات میں مسلم لیگ ن کے رہنماء اسحاق ڈار کے بیٹے کی آف شور کمپنی بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہے جبکہ بینکاروں، کاروباری شخصیات کی آف شورکمپنیاں بھی سامنے آئیں ہیں۔

آئی سی آئی جے کے مطابق اس اسکینڈل نے دنیا بھر کی اشرافیہ کی چھپی ہوئی دولت کو بے نقاب کیا ہے۔

پنڈورا پیپرز کے نام سے پروجیکٹ میں 117 ممالک کی اہم شخصیات کی مالی تفصیلات شامل ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی آئی جے نے دو سال کی کڑی محنت کے بعد پنڈورا پیپرز تیار کیے ہیں جبکہ اس اسکینڈل کی تیاری میں 117 ملکوں کے 150 میڈیا اداروں سے وابستہ 600 سے زائد صحافیوں نے حصہ لیا۔

یہ انسانی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی صحافتی تحقیق ہے جو ایک کروڑ 19 لاکھ خفیہ دستاویزت پر مشتمل ہے۔ یہ دستاویزات 14 آف شور سروس فرمز سے حاصل کی گئی ہیں۔

صحافیوں کی اسی تنظیم نے 2016 میں پاناما پیپرز جاری کیے تھے جس میں 444 پاکستانیوں کے نام شامل تھے۔

The post ن لیگیوں پر پنڈورا لیکس مایوسی کی بجلی بن کر گری، فیاض چوہان appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email