جشن شندور کے انعقا د میں صوبائی حکومت پولو ایسوسی ایشن کا ساتھ دے گی، شہزادہ سکندرالملک

چترال (زیل نمائندہ) چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر اور معروف پولو کھلاڑی شہزادہ سکندر الملک نے کہا ہے کہ میں نے بحیثیت صدر پولو ایسوسی ایشن جشن شندور کے انعقاد کی بات کرکے کسی ادارے کے فیصلے یا صوبائی حکومت کے خلاف نہیں جارہاہوں۔   چترال میں جشن شندور سب سے بڑا ایونٹ ہے جس کی پذیرائی بین الاقوامی سطح پر  ہوتی آرہی ہے۔ اہمیت کے حامل اس جشن کوصرف کووڈ کی وبا کی وجہ سے منسوخ کرنا مناسب اس لیے نہیں ہے کہ موجودہ وقت میں اپر اور لوئر چترال میں کورونا کیسزکی تعداد ملک کے دوسرے اضلاع کے مقابلے میں  سب سے کم ہے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے FM-93 ریڈیو پاکستان چترال کے پروگرام 93ایکسپریس میں آرجے اشرف حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق بھی پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور وزیراعلیٰ سمیت وزیر کھیل و ثقافت  سے میرا گلہ اصولی طورپریہ ہے  کہ  کورونا کے پھیلاؤ کے خدشے جیسے کمزور وجہ کو سامنے رکھتے ہوئے جشن شندور کو منسوخ کرنا چترال  اور گلگت بلتستان کے پولوکھلاڑیوں اور شائقین کے ساتھ زیادتی ہے۔ شہزادہ سکندرالملک نےمزید کہا چترال میں پولو کا کھیل چترال کے لوگوں کی وجہ سے زندہ ہے اور اس روایتی اور علاقائی کھیل کو ترقی دینا وقت کی اہم ضرورت ہونے کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے   واضح کیا کہ ہم نے پولوشائقین اور کھلاڑیو ں کو ہمت دینے کے لیے شندور کے انعقاد کی بات کی ہے اور حکومت بھی اس بات کو اپنے خلاف نہ سمجھتے ہوئے اس سال جشن شندورکے انعقاد میں اپنا بھرپور کردار  ادا کرکے گلگت بلتستان اور چترال کے شائقین پولو کا دل جیت لے۔

Print Friendly, PDF & Email