چترال میں ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا گیا

چترال (زیل نمائندہ)ہر سال دُنیا میں 15 اکتوبر کو ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جاتاہے۔ اس دن کو منانے کا مقصداس عمل سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس دن کے حوالے سے ایک تقریب  ہاشو فاونڈیشن چترال کے زیرانتظام گورنمنٹ سینٹنل ماڈل سکول کے پرائمری سیکشن میں منعقدہوئی۔ اس تقریب میں محکمہ صحت چترال کے ماہرین نے  ہائی جین کے مطابق صابن سے ہاتھ دھونے کی عملی تربیت فراہم کی اور اس موقع پر بیماریوں سے بچاؤ میں ہاتھوں اور جسم کے دوسرے حصوں کی صفائی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) لوئر چترال عبدالولی خان تشریف فرما تھے۔ ان کے ساتھ ہاشو فاونڈیشن چترال کے سنٹر منیجر شادمان زین، ڈپٹی ڈی ای او (مردانہ) ڈاکٹر عبدالمالک، ہاشو فاونڈیشن کے شمس الدین، نظام الدین اور سکول کے ہیڈ ماسٹر اور پرائمری ٹیچرز ایسوسی کے صدر ضیاء الرحمن موجود بھی تھے۔اس موقع پر  اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے بیماریوں اور وبائی امراض کے روک تھام میں صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دین فطر ت ہونے کی وجہ سے اسلام میں صفائی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے جسے نصف ایمان قراردیا گیا ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیاکہ وہ کووڈ19کے بارے میں جاری کردہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کرنے کی عادت طلباء پر پیدا کریں جس کے لیے وہ وسائل کی کمی کا شکایت کرنے کی بجائے اپنے مشن پر توجہ دیں۔دوسرے مقررین بھی اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور موجودہ وقت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ہاتھ دھونے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

Print Friendly, PDF & Email