گران فروشوں کو لگام دینے کے  لیے اپر چترال کی انتظامیہ حرکت میں آگئی

بونی (زیل نمائندہ ) اشیاء خوردونوش کو مہنگے داموں  فروخت کرنے  والوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف  اپر چترال کی انتظامیہ نے سخت کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔  گزشتہ دنوں انتظامی سربراہ شاہ سعود کے احکامت پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج اپر چترال ثقلین سلیم نے اپر چترال کے مختلف بازاروں میں گران فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے  پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت متعدد دکانداروں کو جرمانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے داموں ضرورت اشیاء کی فراہمی کے عمل کی نگرانی انتظامیہ کی اوّلین ذمہ داری ہے ۔  اے سی مستوج نےکاروباری افراد کو سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیے اور کہاکہ آئندہ کسی کو بھی ذخیرہ اندوزی اور گران فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر اپر چترال شاہ سعود نے گران فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے قلع قمع کے لیے اپر چترال کے تمام  ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز  اور محکمہ فوڈ کے اہلکاران کو  اپنی اپنی انتظامی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر کاروائی کرنے کی ہدایات کی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email