ضلعی انتظامیہ اپرچترال علاقائی کھیلوں کے فروغ  کے لیے کوشاں

درونگاغ (زیل نمائندہ ) ضلعی انتظامیہ اپر چترال علاقائی کھیلوں اور سیاحت کو فرو غ دینے کے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دنوں درونگاغ پولو گراؤنڈ میں ضلعی انتظامیہ اور درونگاغ کی پولوٹیموں کے درمیان پولو کاایک  دوستانہ میچ کھیلا گیا۔ انتظامیہ ٹیم کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپرچترال محمد عرفان الدین جب کہ درونگاغ ٹیم کی قیادت خیرالرحمان المعروف خیری کررہے تھے۔شاندار مقابلے کے بعد ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی ٹیم نے تین کے مقابلے میں چھے گولوں سے مقابلہ جیتا۔   اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکھو/تورکھو مکرم خان افریدی کے علاوہ انتظامیہ کے دیگر افسران ، پولو کے معروف کھلاڑی اورعمائدین علاقہ اسٹیج میں موجود تھے جب کہ پولوگراؤنڈ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔  ڈھول کی تھاپ پر شہنائی کی مسحور کن آواز نے پولو مقابلے کو اور بھی پرلطف بنادیا۔   میچ کے اختتام پر عمائدین علاقہ نے انتظامیہ کے افسران  کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کے چند مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی جن میں لون تا کوشٹ روڈ کی مرمت  و توسیع اور نوجوانوں کے لیے موجودہ پولوگراؤنڈ کی توسیع و مرمت  قابل ذکر تھی۔ اس موقع پر اے ڈی سی نے مسائل کو فوری حل کرنے کا یقین دلایا۔  کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر انتظامی افسران نے گراؤنڈ میں موجود لوگوں میں ماسک بھی تقسیم کئے۔

Print Friendly, PDF & Email