چترال کے دونوں اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع

چترال،بونی(زیل نمائندہ) ڈپٹی کمشنر چترال لوئر نوید احمد نے جمعہ کے روز ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر نیشنل ایمیونائزیشن ڈیز کا افتتاح کردیا جوکہ کرونا کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ فروری سے نہیں چلائی جاسکی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ہر شہری اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلواکراپنی قومی ذمہ داری اور فرض نبھائے تاکہ اس مہلک مرض کو دنیا سے ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اہلکاروں پر زور دیاکہ وہ ٹارگٹ کے حصول کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں اور نہ ہی اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی برتی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیات شاہ، ای پی آئی کے ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ڈاکٹر فیاض رومی، ڈسٹرکٹ چلڈرن اسپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمدکے علاوہ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر سجاد احمد خان اور چترال پریس کلب کے صدر ظہیرالدین نے بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فیاض رومی نے بتایاکہ لوئر او ر اپر چترال کے اضلاع میں پانچ سال سے کم بچوں 71ہزار 105بچوں تک پولیو ویکسین کے ساتھ رسائی کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔  اسی طرح تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال بونی میں بھی ایڈیشنل ڈی سی محمد عرفان الدیں نے بچوں کو انسداد پولیو کےق قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کیا۔

Print Friendly, PDF & Email