وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا دورہ چترال، متاثرین سیلاب کے لیے امداد کا اعلان

چترال (زیل نمائندہ) وزیراعلیٰ صوبہ خیبر پختونخوا محمودخان  نےآج  ضلع اپر اور لوئیر چترال میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ہوائی اڈے پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نوید احمد ،عوامی نمائندے اور پی ٹی آئی چترال کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلی نے ریشن اور گولین گول میں سیلاب سے متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے سیلاب زدگا ن ( جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے ) میں امدادی چیک تقسیم کئے۔اس موقع پر محمود خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متاثرین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی بحالی یقینی بنائےگی۔پی ٹی آئی کی حکومت نے چترال کے عوام کو ضلع اپر چترال کا تحفہ دیا، اس کی تعمیر و ترقی بھی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے نقصانات کا اندازہ لگایا جا چکا ہے ، بحالی کے لیے  خصوصی پیکج فراہم کریں گے۔ وزیراعلی نے ریشن پل جو سیلاب برد ہوچکاتھا متعلقہ حکام کو 9ستمبر تک ریشن پل تنصیب کرنے کی ہدایت کی۔مذکورہ آر سی سی پل کی جگہ سٹیل پل تنصیب کیا جائیگا جو آج متعلقہ جگہ پر پہنچا دیا گیا ہے۔محمودخان نے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں ، واٹر سپلائی سکیموں اور ایریگیشن چینل سمیت بحالی کے تمام کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔  انہوں نے متاثرین سیلاب میں جن کے گھر مکمل طورپر سیلاب برد ہوچکے ہیں ان کے لیے دودولاکھ جب کہ جزوی طور پر نقصان ہونے والے گھروں کے مالکان کے کے لیے ایک ایک لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔

Print Friendly, PDF & Email