چترال کے طول وعرض میں شدید بارشیں، سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

اپر /لوئر چترال (زیل آن لائن) بدھ کی شام زیرین چترال کے بالائی علاقوں سمیت اپر چترال کے بیار کے علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ۔ اطلاعات کے مطابق ریشن نالہ میں اونچے درجے کا سیلاب آیا جس کی وجہ سے اپر چترال کودوسرے علاقوں سے ملانے والا پل سیلاب برد ہوگیا اور مسجد کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا تاہم ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے چند گھروں کو مکمل اور جزوی طور پر نقصان پہنچا تاہم ریشن بجلی گھر جس میں بحالی کا کام جاری تھا کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔سیلاب آنے کے دوران اندھیرا ہونے کی وجہ سے لوگ ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہوئے تاہم خطرے سے دوچار گاؤں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ دریں اثناءاپر چترال کے  زئیت،کوراغ، چرون،بونی اور بریپ کے نالوں میں بھی اونچے درجے کا سیلاب آیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مستوج روڈ ریشن اور زئیت کے مقام مکمل طور پر بند ہے تاہم بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ متبادل کے طور پرمستوج تا چترال لوئر براستہ کوشٹ،گہکیر آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب آنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔مدک لشٹ،شیشی کوہ، اُرڅون،جنجیریت کوہ، رومبور،برنس،اور گولین میں بھی درمیانی درجے کا سیلاب آیا تاہم کسی جانی اور مالی نقصانات کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔ لوئر اور اپر چترال کی انتظامیہ نے  سیلاب میں متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی کاموں کو فی الفور شروع کرنے اور متاثرین کو ریلیف دینے کے لیے سرگرم ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email