چترال،نوجوان میں کورونا وائرس کا خدشہ،پشاور ریفرکیا گیا

چترال(زیل نمائندہ) گزشتہ رات  ضلع اپر چترال کے مستوج گاؤں سے ایک نوجوان کو بخار ہونے پر مستوج سے چترال ہسپتال لایا گیاتھا جسے فوری طبی امداد دینے کے بعد پشاور ریفر کیا گیا۔ چترال کے ہسپتال میں  اس وائرس کی تشخیص کے لیے سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے احتیاطی بنیادوں پر انہیں پشاور ریفر کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق  بالائی چترال کے پرکوسپ  تحصیل مستوج کے  رہائیشی  مجتبیٰ حسین شاہ  جو کئی دنوں سے بیمار تھا اس کے گھر والوں کو شک تھا کہ اسے کورونا وائرس ہوچکا ہے جسے فوری طور پر دیہی مرکز صحت  RHC مستوج لے  جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال چترال لوئر ریفرکیا۔ مذکورہ شخص گزشتہ دس مہینے  اسلام آباد میں رہائش پذیر تھا اور اپنے بھائی سے ملنے کے لیے  وہ ایبٹ آباد بھی گئے ہوئے تھے۔ تیز بخار اور کھانسی کی وجہ سے اسے جب دیہی مرکز صحت مستوج لایا گیا تو ڈاکٹروں نے  چترال ریفر کیا تو وہ لوئر چترال آنے کی بجائے وآپس اپنے گھر چلے گئے مگر طبیعت زیادہ خراب ہونے پر وہ دوبارہ مستوج ہسپتال لے جایا گیا جہاں عملہ نے اسے ایمبولنس میں   ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال منتقل کیا۔ رات گئے ڈاکٹروں نے مریض کا معائنہ کیااورمحفوظ بنیادوں پر اسے پشاور ریفر کیا۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شمیم کے مطابق  ہسپتال میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کے لیے  کوئی سہولت نہیں ہے اس لیے مشتبہ شخص کو پشاور ریفر کیا گیا ہے۔

دوسری طرف  ضلعی انتظامیہ چترال نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضلع میں دفعہ 144لگاکر ہرقسم کی تقریبات اور پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کے اعلان کے باؤجود گزشتہ رات سے پشاور، راول پنڈی اور اسلام آباد کے محتلف اڈوں سے ہزاروں کی تعداد میں مسافروں کا چترال آنے کاسلسلہ جاری ہے ۔ مسافروں کے مطابق لواری ٹنل میں کسی بھی قسم کی کوئی اسکرینینگ نہیں ہوئی  اور پولیس مختصر پوچھ گچھ کے بعد مسافروں کو چترال کی طرف چھوڑ دی جو ضلعی انتظامیہ کی حفاظتی اقدامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

دریں اثناء چترال کے سماجی اور سیاسی طبقہ فکر نےچترال میں ایک ڈی ایچ کیو اور دو ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں خصوصی طور پر کورونا اسکرینیگ اور ٹیسٹ کا نظام شروع  نہ کرنے  پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت اور محکمہ صحت سے فوری طور پر چترال جیسے دور دراز علاقے میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے جلد ازجلد انتظامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاہے ۔

Print Friendly, PDF & Email