چترال میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈینگ کے خلاف جلسہ

چترال (زیل نمائندہ) گزشتہ کئی مہینوں سے چترال میں پیسکواور گولین گول پن بجلی گھر کی طرف سے غیراعلانیہ اور ناروا لوڈشیڈینگ کے خلاف اتالیق چوک میں آج احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پیسکو چترال  اور گولین گول پن بجلی گھر کے حکام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ناروالوڈشیڈینگ کو عوام کے ساتھ انتہائی ناانصافی قرار دیا۔  انہوں نے کہا کہ گولین گول ہائیڈروپاور پراجیکٹ  سےموجودہ وقت کافی بجلی پیدا ہوتی ہے لیکن پیسکو چترال کی نااہلی کی وجہ سے لوگ بجلی سے محروم ہیں ۔ بجلی پیدا کرنے والے اور بجلی فراہم کرنے والے دونوں اداروں نے عوام کے ساتھ ناانصافی کا بازارگرم کیے ہوئے ہیں جو کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔ مقررین نے پیسکو چترال اور جی جی ایچ پی کوغذی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگریہ ناروا سلوک جاری رہا تو عوام انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبو ہوجائیں گے۔

اس احتجاجی جلسے کے تناظر میں پیسکوچترال کے سب ڈویژنل آفیسر نادرشاہ نے اپنا موقف بیاں کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں گولین گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے پیسکوکو کم سے کم دو اور زیادہ سے زیادہ آٹھ میگاواٹ بجلی فراہم ہوتی ہے جس سے تمام صارفین کو بیک وقت بجلی مہیا کرنا ممکن نہیں ہے۔  اس حوالے سے گولین گول پن بجلی گھر کے سب ڈویژنل آفیسر انجینئر جمال شاہ  کا موقف تھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے موجودہ وقت میں پانچ سے لیکر آٹھ میگاواٹ تک بجلی پیداہوتی ہے جو چترال کے موجودہ صارفین کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لواری ٹنل میں ٹرانسمیشن لائن خراب ہونے کی صورت میں نیچے سے بجلی نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے عوام لوڈشیڈینگ کے مسائل کا شکارہیں۔

Print Friendly, PDF & Email