چترال میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

چترال(زیل نمائندہ) ملک کے دوسرے علاقوں کی طرح چترال کے طول وعرض  میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔  چترال ٹاؤن  میں ضلعی انتظامیہ لوئرچترال کی زیرنگرانی تقریب شہیداسامہ وڑائچ کیرئیر اکیڈمی بمقام گورنمنٹ سنٹینل ہائی سکول کے ہال میں منعقد ہوئی ۔  زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے کثیرتعدادمیں  شرکت کی۔ ا یک منٹ کی خاموشی کے بعد کشمیرڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی مکمل حمایت اور جہد مسلسل کو خراج تحسین پیش کیا۔  انہوں نے بھارتی مظالم اور بربریت کو اجاگر کرکے اقوام عالم کو بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔  اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیات شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر عبدالولی خان نے کہا کہ پوری قوم متحد ہوکر کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔تقریب کے بعد واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے بینرزاٹھارکھے تھے جن پر کشمیری بھائیو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کی بربریت کے خلاف  نعرے درج تھے۔ واک کے بعد انجمن ترقی کھوار کے زیراہتمام اورضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام کشمیر محفل مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شعراء نے منظوم خراج تحسین کےذریعے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔دریں اثناء اپر چترال کے ہیڈکوارٹرزبونی میں بھی کشمیر ڈے کے موقع پر یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈی پی او اپر چترال  ذوالفقار احمد تنولی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دروش میں بھی کشمیر ڈے کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا اور جماعت اسلامی چترال کی طرف سے بھی تقریب اور واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email