چترال میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن ایک احسن قدم ہے،عوامی حلقے

چترال(زیل نمائندہ) چترال کے ضلعی پولیس آفیسر وسیم ریاض نے ضلعے کے طول وعرض میں منشیات فروشوں کے خلاف گھیراتنگ کیا ہے۔ ڈی پی او کی قیادت میں چترال پولیس علاقے میں منشیات کی لعنت کے قلع قمع کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ جب سے ڈی پی او وسیم ریاض کی تعیناتی چترال میں ہوئی ہے اس وقت سے لے کر اب تک اس قبیح دھندے میں ملوث افراد کے خلاف کامیاب آپریشن کے نتیجے میں بھاری مقدار میں چرس،دیسی شراب اور ہیروئن برآمد ہوئے ہیں۔چترال پولیس کے مطابق اس کریک ڈاؤں میں آئے روز بڑی کامیابی حاصل ہورہی ہے اور منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ ہوتاجارہاہے جس کے نتیجے میں منشیات فروشوں کے کئی سرغنے اور ایجینٹس گرفتار ہوئے ہیں۔ایک رپورٹ کے مطابق سال 2019 ء میں چترال پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کل 310 کیسز درج  کیے جبکہ کل 346 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے 587.194 کلو گرام چرس ، 11.66کلو گرام افیون، 557لیٹر شراب اور 14 گرام ہیروئن برآمد کر لیے گیے ۔

عوامی حلقوں نے چترال پولیس کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید منشیات فروشوں کے خلاف مزید کاروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ڈی پی اوچترال نے مساجد اور جماعت خانوں میں منشیات کے خاتمے کا پیغام پہنچاکرایک اچھی روایت کی بنیاد ڈالی ہے جس سے عوام اس قبیح دھندے کے خاتمے کے لیے چترال پولیس کا ساتھ دیں گے۔  

Print Friendly, PDF & Email