چترال میں موسم انتہائی سرد، نظام زندگی مفلوج، ہر چیز نے سفید چادر اوڑھ لی

چترال (زیل نمائندہ) چترال میں اتوار کی رات سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ چترال ٹاؤن سمیت بالائی علاقوں اور زیریں چترال میں 5 سے 18 انچ تک برف پڑنے کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ چترال ٹاؤن میں اب تک تقریبا 6 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ حالیہ برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ ایسے میں سڑکوں پر کافی برف پڑھ چکی ہے ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ بجلی رات سے غائب ہے جبکہ موبائل نیٹ ورک بھی کام کرنا چھوڑ چکے ہیں۔ سڑکوں پر برف کی وجہ سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

لواری ٹنل پر سخت برف باری کی وجہ ٹریفک معطل ہے اور عشیرت کے مقام پر 12 انچ برف کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔ پشاور سے رات گئے پہنچنے والے مسافروں کے مطابق انہوں نے زیادہ تر سفر پیدل طے کیا۔ ایسے میں انتظامیہ کی جانب سے غیر ضروری سے سفر سے اجتناب اور حفاظتی تدابیر کے استعمال کی تلقین کی جارہی ہے۔

لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ کئی سیاح اس کے باوجود برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے چترال کا رخ کر چکے ہیں۔ یہ ایڈونچر ٹورسٹ ہیں جو مہماتی سیاحت میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ سیاح چترال میں دوسرے وادیوں کے ساتھ وادی کالاش بھی جائیں گے۔ اور برف پر کھیلی جانے والی اُن کی معروف کھیل کریک گال میں حصہ لیں گے جو برفباری کے دوران وادی کالاش میں گاؤں کی سطح پر کھیلی جاتی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email