برف باری کے بعدچترال میں سردی کے ساتھ سورج کا راج

چترال (زیل نمائندہ)گزشتہ دنوں پورے چترال میں  سال کی پہلی برف باری ہوئی ۔دو دن سے جاری رہنے والے اس سلسلے کی وجہ سے برف کی سفید چادر نے انتہائی زیرین علاقوں کے علاوہ پورے چترال کو اوڑھ لیا۔ آج چترال کے اکثر مقامات میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ دھوپ نکلی ہے اور نیلے آسمان پر آوارہ پھرتے بادلوں کے ٹکڑے بھی نظر آرہے ہیں ۔چترال کے تمام بالائی علاقوں  میں چھے انچ سے بارہ انچ تک برف پڑی جب کہ زیرین علاقوں میں دو سے چھے انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔ لواری ٹنل کے دونوں اطراف پر چوبیس انچ برف پڑنے کی وجہ سے روڈ آمدورفت کے لیے بند رہا لیکن این ایچ اے کی بروقت کاروائی کے نتیجے میں جلد بحال ہوا۔آج صبح گاڑیاں زیرین اضلاع کی طرف چلی گئیں جب کہ پشاوراور اسلام آباد سے بھی گاڑیاں چترال کی طرف آرہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، این ایچ اے اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منجمینٹ یونٹ نے مسافروں اورڈرائیورزکو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے جن میں 4X4گاڑیوں میں سفر،لوہے کے چین (Chain)کا استعمال ، گاڑی کو Tip Top حالت پر رکھنا اور دوسرے  شامل ہیں۔ برف باری کے بعد انتہائی بالائی علاقوں کے علاوہ تمام ویلیز کے راستے کھلے ہیں اور آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل بھی دھوپ نکلے گی اور پیر، منگل کے دن ہلکی پھلکی بارش اور برف باری  کے بعد دو ہفتے تک موسم صاف رہے گا۔

Print Friendly, PDF & Email