چترال میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب

چترال(زیل نمائندہ) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح چترال میں بھی یوم پاکستان ملی جوش جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب چترال سکاؤٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین، ڈپٹی کمشنر چترال خورشیدعالم محسود، ممبرقومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی، ممبرصوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن کے علاوہ عمائدین چترال،اداروں کے سربراہان،اساتذہ کرام، والدین،طلبہ وطالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ ملی وحدت اور قومی جذبے سے سرشار اہالیان علاقہ کا جذبہ یوم پاکستان کے موقع پر بھرپور تھا۔ اس موقع پر چترال سکاؤٹس،چترال پولیس،ایلیٹ فورس، چترال لیویز کے جوانوں اور طالب علموں نے مارچ پاسٹ کیا۔

اس موقع پر مختلف سکولوں کے طلبہ نے تقاریر،خاکے،ملی نغمے اورثقافتی رنگ پیش کیے۔اپنے خطاب میں مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ یہ ملک اللہ تعالٰی کی نعمت ہے  اور پاکستان کا ہر شہری اس کی حفاظت میں پاک آرمی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسس پاکستان کی حفاظت میں صلاحیتوں سے بھر پور ہیں اور ہمیں اپنے مسلح افواج پر فخر ہے۔ اس موقع پر ڈ ی سی چترال خورشید عالم محسود نے کہا کہ ملک پاکستان ہمارا ہے اور اسی سے ہماری پہچان ہے۔پاکستان بڑی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئیے ۔کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں یہ سوچنے کا موقع فراہم کررہاہے کہ جن مقاصد کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا ان مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے منزل کی طرف بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حق و صداقت کے راستے پر سفر جاری رکھنا ہے اور اللہ کی مدد اور قوم کی دعاؤں کے نتیجے میں ہمارا ہر قدم فتح و کامیابی کی طرف اٹھے گا۔ چترال سکاؤٹس گراؤنڈ میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب میں مہمانوں نے بچوں اور طلبہ میں انعامات اور تخائف تقسیم کیے اور یہ پروقار اور ملی جذبے سے سرشار تقریب اور عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ مادر وطن کے دفاع میں پاکستان کا ہرشہری جان دینے کو تیار ہے۔

Print Friendly, PDF & Email