شجرکاری مہم کے تحت چترال میں بھی چودہ  لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں،  ڈی ایف او چترال

چترال(گل حماد فاروقی) ملک کے دوسرے  حصوں کی طرح چترال میں بھی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چترال ائیر پورٹ کے قریب ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے کہا کہ ملک بھر میں دس ارب پودے لگائے جار ہے ہیں جس میں صوبائی حکومت کی ہدایات  کی روشنی میں چترال میں بھی امسال 400 ہیکٹر زمین پر پودے لگائیں جائیں گے جن کی تعداد چودہ لاکھ ہے۔ چار لاکھ پودے محکمہ جنگلات کے اہلکار لگائیں گے اور دس لاکھ پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جائیں گے اور یہ مہم اپریل تک جاری رہے گا تاکہ اپنا ہدف پورا کرسکے۔ڈی ایف او نے مزید کہا  کہا کہ ان پودوں میں دیار، روبینہ، سفیدہ، ویلو، الایچی اور پھل دار پودوں کے ساتھ ساتھ پھول دار پودے بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرچترال خورشید عالم محسود  نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں  کیونکہ کوئی بھی مہم عوام کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی پودوں کی اہمیت پر زور دیا ہے اور ہر سال جنگلات کا عالمی دن بھی منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچنے کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہم چترال میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں  تاکہ سیلاب کی صورت میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان سے بچ سکے۔
اس موقع پر ہمارے نمائندے سے بات  کرتے ہوئے ڈی ایف او چترال نے کہا کہ چترال میں زیادہ تر لوگ کھانا پکانے اور خود کو سردی سے بچانے کے لیے  لکڑی جلاتے ہیں جس  سے جنگلات پر بہت بوجھ بڑھ رہا ہے اور جنگلات میں بڑی تیزی سے کمی آرہی ہے۔ چترال کے عوام کو چاہئے کہ اپنے منتحب نمائندوں کے ذریعے اسمبلی کے فلور پر آواز اٹھائے تاکہ حکومت چترال کے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کرے جسے لوگ کھانا پکانے اور گرمائش کے لیے استعمال کرسکیں  اور یوں جنگلات پر بوجھ کم پڑےجمیل احمد کمیونٹی ڈیویلپمنٹ آفیسر نے کہا کہ ہم شجرکاری مہم میں مقامی لوگوں کو بھی شامل کراتے ہیں جب ہم کوئی پلانٹ لگاتے ہیں تو اسے پھر مقامی لوگوں کو حوالہ کرتے ہیں تاکہ وہ اسے اپنا سمجھ کر کامیاب کرے۔
آحر میں ڈی سی چترال، اسسٹنٹ کمشنر عالمگیر خان، چترال سکاؤٹس کے میجر عثمان، ضلع نائب ناظم مولانا عبد الشکور، ڈی ایف او جنگلی حیات محمد حسین، مقامی ناظمین، کونسلرز اور سکول کے طلباء نے بھی پودے لگاکرشجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور سکول کے بچوں سے پودے لگوائے تاکہ بچوں میں پودوں کی اہمیت اجاگر ہوسکے۔

Print Friendly, PDF & Email