پنجاب کے انتظامی امور سے میوزیکل چئیر کا کھیل کھیلا جا رہا ہے ، حمزہ شہباز شریف

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے انتظامی امور سے میوزیکل چئیر کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اناڑی حکمرانوں نے ایک مرتبہ پھر پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر کے اپنی نا اہلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں ، گزشتہ تین سالوں میں پنجاب میں چار سیکرٹری داخلہ ، چھ آئی جی پولیس ، پانچ پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم تبدیل کیے جا چکے ہیں اسی عرصے میں آٹھ سیکرٹری آبپاشی ، تین انفارمیشن سیکرٹری گیارہ سیکریٹری ہائر ایجوکیشن چھ سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر تبدیل کر کے ترقی کرتے پنجاب کو ریورس گئیر لگایا گیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی بیوروکریسی کے اہم ترین عہدیدار چیف سیکرٹری کو پنجاب میں چار مرتبہ تبدیل کیا گیا ، صوبے میں بدانتظامی کا طوفان برپا ہے ، اناڑی حکمرانوں کی ترجیح گڈ گورننس کے بجائے سیاسی انتقام ہے کیا ان تبدیلیوں سے تین سالوں میں گورننس کے بحران پر قابو پا لیا گیا ، پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے انتظامی معاملات سے تاریخی کھلواڑ کیا جا رہا ہے انہیں گورننس کی الف بے کا نہیں پتا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ سڑکوں پر تاجر ،ڈاکٹرز اور میٹرو بس کے ڈرائیورز سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومتی ایوانوں میں کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی ، بدانتظام اور نا اہل حکومت نے الٹا ڈاکٹرز پر بہیمانہ تشدد کیا گیا اور احتجاج کا جائز حق استعمال کرنے والوں پر کیمیکل اسپرے کیا گیا ، وفاق سے بیٹھ کر پنجاب میں کٹھ پتلی  حکومت چلانے کا تجربہ بری طرح سے ناکام ہو چکا ہے پنجاب اور وفاق کے سلیکٹڈ حکمران پنجاب کے عوام کے مجرم ہیں۔

The post پنجاب کے انتظامی امور سے میوزیکل چئیر کا کھیل کھیلا جا رہا ہے ، حمزہ شہباز شریف appeared first on .

Print Friendly, PDF & Email